Live Updates

وزیراعظم عمران خان آئندہ ماہ 3 ممالک کا دورہ کریں گے

وزیراعظم 15سے 21 دسمبر کے دوران سوئٹزرلینڈ، ملائیشیا اور بحرین کا دورہ کریں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 19 نومبر 2019 16:02

وزیراعظم عمران خان آئندہ ماہ 3 ممالک کا دورہ کریں گے
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 نومبر 2019ء) وزیراعظم عمران خان آئندہ ماہ تین ممالک کا دورہ کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان نے کئی ممالک کے دورے کیے جن میں سعودی عرب،چین، ایران،امریکا، ملائیشیا اور متحدہ عرب امارات کے دورے کیے۔آئندہ ماہ بھی وزیراعظم عمران خان کے تین ممالک کے دوروں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان 15دسمبر سے 21 دسمبر تک تین غیر ملکی دورے کریں گے۔وزیراعظم 16دسمبر کو دو روزہ دورے پر بحرین جائیں گے۔وزیراعظم 17 دسمبر کو دو روزہ دورے پر سوئٹزرلینڈ جائیں گے۔وزیراعظم جنیوا میں پناہ گزینوں سے متعلق عالمی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان 19دسمبر کو تین روزہ دورے پر ملائیشیا جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان تینوں ممالک کے دورے مکمل کرنے کے بعد 21 دسمبر کو وطن واپس پہنچیں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اس سے قبل کئی ممالک کا دورہ کر چکے ہیں جن میں مخلتف معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔وزیراعظم عمران خان کا سعودی عرب کا پہلا سرکاری دورہ بھی خاصی اہمیت کا حامل رہا تھا۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس دورے نے خوب شہرت سمیٹی۔پاکستانیوں نے بھی محمد بن سلمان کا شاندار استقبال کیا،وزیراعظم کا ملائیشیا کا دورہ بھی خبروں کی زینت بنا رہا جہاں انہیں شاندار پروٹوکول دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ ان کا امریکا کا دورہ بھی بہت اہم تھا۔وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے بھی خوب چرچے ہوئے اور دورے کو بھی پاکستان میں خاصی پزیرائی ملی۔اور اب ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان تین ممالک کا دورہ کریں گے۔یہ دورہ آئندہ ماہ کیا جائے گا۔دورے سے متعلق تاحال مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات