احمد ندیم قاسمی کا 104واں جنم دن کل منایا جائے گا

منگل 19 نومبر 2019 17:29

احمد ندیم قاسمی کا 104واں جنم دن کل منایا جائے گا
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) نامور شاعر افسانہ نگار اور صحافی احمد ندیم قاسمی کا 104واں جنم دن 20نومبر کو منایا جارہا ہے ۔احمد ندیم قاسمی کا اصل نام احمد شاہ تھا ۔وہ 20نومبر 1916ء کو انگہ ضلع خوشاب میں پیدا ہوئے ۔اُنہوں نے سرگودھا اور لاہور سے تعلیم مکمل کی ۔ احمد ندیم قاسمی نے 1943ء سے 1945ء تک ادب لطیف لاہور، 1947ء میں نقوش لاہور، 1953ء سے 1959ء تک روز نامہ امروز لاہور کے مدیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

(جاری ہے)

1963ء میں اُنہوں نے لاہور سے ادبی جریدے فنون کا اجراء کیا ۔وہ انجمن ترقی پسند مصنفین کے بانی اراکین میں شامل تھے ۔ قاسمی صاحب 1973ء سے اپنی وفات تک مجلس ترقی ادب لاہور کے ڈائریکٹر رہے ۔اُن کے افسانوں کا پہلا مجموعہ 1939ء میں شائع ہوا ۔قاسمی صاحب کی کتابوں کی تعداد 20سے زیادہ ہے اُنہیں 1968ء میں تمغہ حُسن کارکردگی، 1980ء میں ستارہ امتیاز، 1997ء میں کمال فن ایوارڈاور 1999ء میں نشان امتیاز، سے نوازا گیا ۔10جولائی 2006ء کو وہ لاہور میں انتقال کر گئے ۔

متعلقہ عنوان :