ترک مسلح افواج کے سربراہ کا نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

ترک مسلح افواج کے سربراہ جنرل یاشر گلر نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور قائم مقام چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی سے ملاقات کی

منگل 19 نومبر 2019 18:11

ترک مسلح افواج کے سربراہ کا نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ
اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 نومبر2019ء) ترک مسلح افواج کے سربراہ جنرل یاشر گلر نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور قائم مقام چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی سے ملاقات کی۔

نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پروائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے جنرل یاشر گلر کا استقبال کیا اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔

معزز مہمان نے یادگارشہداء پر پھولوں کی چادر چڑھا ئی۔ بعد ازاں نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کروایا گیا۔ملاقات کے دوران علاقائی سکیورٹی ،استحکام اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور بشمول دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے پاک بحریہ کے میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول اور مشترکہ میری ٹائم فورسز (سی ایم ایف) میں شرکت کے ذریعے خطے کی میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔

ترک جنرل نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سکیوٹی کے قیام میں پاک بحریہ کے اقدامات کو سراہا۔دونوں معززشخصیات نے مختلف شعبہ جات میں دفاعی اشتراک کو مزیدفروغ دینے پر اتفاق کیا۔
وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم ، کشمیری عوام کی حالت زار اورانصاف اور حق پرمبنی جدوجہد کے لئے پاکستان کی مسلسل حمایت کے بارے میں ترک جنرل کو آگاہ کیا۔انہوں نے انسانیت کے اس مسئلے پر ترکی کی جانب سے کی جانے والی حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ترک جنرل کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان با لعموم اور دونوں افواج کے مابین بالخصوص دفاعی تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔