ماضی میں نمائشی منصوبوںپر قومی خزانہ بے دریغ لٹایا گیا، ہماری حکومت نے غلط روایت کا خاتمہ کیا‘ عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی کی ملاقات،مسائل سے آگاہ کیا

منگل 19 نومبر 2019 19:24

ماضی میں نمائشی منصوبوںپر قومی خزانہ بے دریغ لٹایا گیا، ہماری حکومت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل ، ترقیاتی کاموں اور فلاح عامہ کے منصوبوں پرپیشرفت سے آگاہ کیا-وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں-اراکین اسمبلی نے فرداً فرداً اپنے حلقوں، علاقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں کے بارے میں تجاویز دیں-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہر ضلع کے متعلق عوامی مسائل حل کرنے کے لئے مربوط حکومت عملی تیار کر لی گئی ہی-ماضی میں نمائشی منصوبوںپر قومی خزانہ بے دریغ لٹایا گیاجبکہ ہماری حکومت نے سابق ادوار کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ قومی وسائل عوام کی امانت ہیں۔ قومی وسائل کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنا خیانت ہے۔ سرکاری خزانے کی پائی پائی کے امین ہیںاور کسی کو قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہوگا۔ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ہمارا ہر قدم عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ،اراکین پنجاب اسمبلی مخدوم سید افتخار حسن گیلانی، سلیم سرور جوڑا،میاں محمد اختر حیات،چوہدری لیاقت علی، محمد ارشاد چوہدری، محترمہ سلیم بی بی، تیمور علی لالی، میاں محمد آصف ، شہباز احمد اور دیگر شامل تھی-چیف وہپ سید عباس علی شاہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری وزیراعلیٰ کوارڈینیشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجو د تھی-