قبائلی اضلاع میں موجود معدنی ذخائر پر مقامی باشندوں کوحق لائسنس دیا گیا۔ شاہ فرمان

منگل 19 نومبر 2019 19:36

قبائلی اضلاع میں موجود معدنی ذخائر پر مقامی باشندوں کوحق لائسنس دیا ..
پشاور۔19نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے کہ صوبائی اسمبلی سے منظورہونے والے منرل سیکٹر گورننس ایکٹ2019ء (ترمیمی بل)میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے مقامی باشندوں کوپہلی بار ان کے علاقوں میں موجود معدنی ذخائر پر حق لائسنس دیاگیا ہے جس سے علاقے میں امن وخوشحالی اورنئی ملازمتوں کے کثیر مواقع مہیا ہوں گے۔

ایک بیان میں گورنرشاہ فرمان نے کہا کہ حقائق سے لاعلمی کی بنیاد پر بعض لوگ اس حوالے سے منفی تاثر دے رہے ہیں جومناسب نہیں اورحقائق کے برعکس ہے۔ گورنر نے کہا کہ معدنیات ہمیشہ سے ہی پورے ملک میں سرکارکی ملکیت میں رہے ہیں اوراس بنیاد پر آئین پاکستان کے تناظر میں لائسنس یا منرل ٹائٹل کا اجراء ہوتاہے۔

(جاری ہے)

تاہم قبائلی اضلاع کیلئے مقامی باشندوں کوحق لائسنس دیا گیا ہے اورجوائنٹ وینچر کی شق شامل کی گئی ہے۔

تاکہ مدتی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو۔نیز منرلز ٹائیٹلز کی تعداد بڑھا کرپانچ کردی گئی ہے۔ ساتھ ہی شفافیت کیلئے ای بڈنگ اورضلعی سطح کی نیلامی کاطریقہ وضع کیاگیا۔گورنرشاہ فرمان نے کہا کہ اس حوالے سے ترمیمی ایکٹ کی ایک سالہ تیاری پر محیط وقت میں تمام سٹیک ہولڈرزاورقبائلی مشران کو مشاورت میں شامل کیا گیا۔ پھر بھی اگر کوئی خامی پائی جاتی ہو تو بل میں مشاورت سے مزید ترامیم کی گنجائش ہوسکتی ہے۔ انہوں نے قبائلی مشران اوراقوام پر زوردیا کہ وہ اس ایکٹ کے ثمرات سے فیضیاب ہونے کی کوشش کریں ۔