ہالینڈ میں شاتم رسول گریٹ ویلڈرز کے قتل کے منصوبے پر پاکستانی نوجوان کو 10 سال قید

جنید کو ٹرین اسٹیشن سے گزشتہ برس گرفتار کیا گیا تھا،گریٹ ویلڈرز نے جنید کی دھمکی پر گستا خانہ خاکوں کا مقابلہ معطل کردیا تھا

منگل 19 نومبر 2019 19:41

ہالینڈ میں شاتم رسول گریٹ ویلڈرز کے قتل کے منصوبے پر پاکستانی نوجوان ..
ایمسٹر ڈیم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2019ء) ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا عالمی مقابلہ انعقاد کرنے کا اعلان کرنے والے اسلام مخالف متعصب سیاستدان گریٹ ویلڈرز کو جان سے مارنے کی منصوبہ بندی کرنے پر پاکستانی شہری کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق ہالینڈ کے متنازع ترین اور اسلام دشمن سیاست دان گریٹ ویلڈرز کو قتل کرنے کی غرض سے فرانس سے ہالینڈ آنے والے 27 سالہ پاکستانی شہری جنید کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

جنید کو ٹرین اسٹیشن سے گزشتہ برس گرفتار کیا گیا تھا۔ گریٹ ویلڈرز نے جنید کی دھمکی پر گستا خانہ خاکوں کا مقابلہ معطل کردیا تھا۔جنید نے اپنے فیس بک اکائونٹ پر ایک پیغام بھی نشر کیا تھا جس میں گریٹ ویلڈر کو نہ صرف قتل کرنے کا عندیہ دیا تھا بلکہ مقامی مسلمانوں سے اس سلسلے میں مدد کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔

(جاری ہے)

جنید کی فیس بک پر شیئر کی گئی ویڈیو کو ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھا تھا اور 14 ہزار بار شیئر کی گئی تھی۔

پراسیکیوٹر کے مطابق جنید نے گریٹ ویلڈر کو قانون ساز ادارے میں گھس کر قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس پرعدالت نے جنید کی سزا کو 6 سال سے بڑھا کر 10 سال کردیا تاہم نہ تو پراسیکیوٹر نے اور نہ ہی عدالت نے واضح کیا کہ جنید نے قتل کا کونسا منصوبہ کب، کہاں اور کیسے تیار کیا تھا۔