نبی کریمﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لئے روشن مثال ہے، میاں محمودالرشید

منگل 19 نومبر 2019 19:48

نبی کریمﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لئے روشن مثال ہے، میاں محمودالرشید
لاہور۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) وزیر ہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمودالرشید نے کہاہے کہ نبی کریم ﷺکی سیرت طیبہ ہمارے لئے روشن مثال ہے۔ محسن انسانیت نبی کریمﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرکے دین و دنیا کی فلاح حاصل کی جاسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول جی بلاک وحدت کالونی کے طلبہ سے ’’سیرت رسولؐ ہاشمی‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سکول کے ہیڈ ماسٹر محسن انور اور دیگر اساتذہ کرام بھی اس موقع پر موجود تھے۔میاں محمود الرشید نے کہاکہ حضورؐ نے علم کے حصول کو ہر مرد اور عورت پر لازم قرار دیاہے۔ علم کے حصول کی راہ پر گامزن ہونا ایک طالب علم کا نصب العین ہونا چاہیے۔علم حاصل کرکے ہم دنیا میں بھی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں اور آخرت میں اللہ تعالیٰ کی عدالت میں بھی سرخرو ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ اسوہ حسنہ کے مطالعہ کو اپنی عادت بنائیں۔ نبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل ہی ہمارے لئے فلاح کی ضمانت ہے۔ میاں محمودالرشید نے کہاکہ نبی کریمؐ سے محبت کی عملی شکل یہ ہے کہ آپؐ کی تعلیمات پر سچے دل سے عمل کیا جائے۔ نبی کریمؐ نے حصول علم کی بہت زیادہ تلقین کی ہے۔ طالب علم دنیاوی کے ساتھ ساتھ دینی تعلیمات اور قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھنے کی طرف بھی پوری توجہ دیں تاکہ دنیا اور آخرت کی کامیابی حاصل کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :