حسن نواز کے فلیٹ میں نوازشریف کیلئے کمرے میں طبی سہولتیں مہیا کر دی گئیں

لندن میں طبیعت بہتر نہ ہونے پر نوازشریف کو فوری امریکا منتقل کیا جائے گا، خاندانی ذرائع

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 19 نومبر 2019 19:06

حسن نواز کے فلیٹ میں نوازشریف کیلئے کمرے میں طبی سہولتیں مہیا کر دی ..
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2019ء) : حسن نواز کے فلیٹ میں نوازشریف کیلئے کمرے میں طبی سہولتیں مہیا کر دی گئیں ہیں۔ شریف خاندان کے ذرائع کے مطابق لندن میں طبیعت بہتر نہ ہونے پر نوازشریف کو فوری امریکا منتقل کیا جائے گا۔ نواز شریف لندن پہنچنے والے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف آج صبح لندن روزنہ ہوگئے ہیں۔ نواز شریف آج صبح سابق وزیراعظم قافلے کی صورت میں جاتی امراء سے ائیر پورٹ پہنچے، جس میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، خاندان کے دیگر افراد بھی شامل تھے۔

قافلے میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنے والد نوازشریف کو رخصت کرنے ائیرپورٹ نہیں گئیں، انہوں نے اپنی دادی کے ہمراہ نوازشریف کو گھر سے رخصت کیا۔

(جاری ہے)

قطر سے آنے والی ائیر ایمبولینس بھی ائیر پورٹ پہنچ چکی تھی۔سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیرون ملک روانگی کے تمام انتظامات مکمل کیے گئے، ائیر پورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، نواز شریف بذریعہ ایمبولینس علامہ اقبال ایئرپورٹ کےحج ٹرمینل پہنچے ۔

نواز شریف،شہبازشریف ، ڈاکٹر عدنان،محمد عرفان،عابداللہ جان کے پاسپورٹ امیگریشن حکام کے حوالے کردیئے گئے جبکہ نواز شریف کی میڈیکل فائل قطر ایئرویز کے ڈاکٹرز کے حوالے کردی جس کے بعد ائیر ایمبولینس کے ڈاکٹرز نے نواز شریف کا بلڈپریشر،شوگر چیک کیا، جبکہ نوازشریف کا سی بی سی ٹیسٹ بھی کیا گیا، ضروری ٹیسٹ کے بعد ڈاکٹرز نے پائلٹ کو اڑان کی اجازت دی۔

سابق وزیر اعظم کے ہمراہ پانچ لوگ ائیر ایمبولینس میں روانہ ہوئے جن میں شہباز شریف، ڈاکٹر عدنان، عابد اللہ جان اور محمد عرفان شامل ہیں۔سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ٹویٹر پیغام میں بتایا کہ نواز شریف دوحہ کے راستے برطانیہ جائیں گے، ایئر بس اے 319-133LR A7MED کے ذریعے سابق وزیراعظم کی روانگی ہوگی، نواز شریف شام ساڑھے چھ بجے لندن ہیتھرو ایئر پورٹ پر پہنچیں گے۔