شہباز شریف جیت گئے، نواز شریف ہار گئے: سلیم صافی

شہباز شریف کی سیاست کی کامیابی کسی اور کی سیاسی موت بھی ہے اس لئے وہ شخص نواز شریف کے باہر جانے کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہا تھا: سینئیر صحافی و تجزیہ کار

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 19 نومبر 2019 19:27

شہباز شریف جیت گئے، نواز شریف ہار گئے: سلیم صافی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2019ء) : سینئیر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا ہے کہ شہباز شریف جیت گئے، نواز شریف ہار گئے ہیں۔ انہوں نے سابق وزیراعظم کے جانے کے بعد تجزیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے جانے کے بعد اب اگر مریم نواز کا ٹویٹر خاموش رہتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ نواز کا بیانیہ ہار گیا اور شہباز کا بیانہ جیت گیا۔

سلیم صافی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی سیاست کی کامیابی کسی اور کی سیاسی موت بھی ہے اس لئے وہ شخص نواز شریف کے باہر جانے کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہا تھا۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف آج صبح لندن روزنہ ہوگئے ہیں۔ نواز شریف آج صبح سابق وزیراعظم قافلے کی صورت میں جاتی امراء سے ائیر پورٹ پہنچے، جس میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، خاندان کے دیگر افراد بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

قافلے میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنے والد نوازشریف کو رخصت کرنے ائیرپورٹ نہیں گئیں، انہوں نے اپنی دادی کے ہمراہ نوازشریف کو گھر سے رخصت کیا۔ قطر سے آنے والی ائیر ایمبولینس بھی ائیر پورٹ پہنچ چکی تھی۔سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیرون ملک روانگی کے تمام انتظامات مکمل کیے گئے، ائیر پورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، نواز شریف بذریعہ ایمبولینس علامہ اقبال ایئرپورٹ کےحج ٹرمینل پہنچے ۔

نواز شریف،شہبازشریف ، ڈاکٹر عدنان،محمد عرفان،عابداللہ جان کے پاسپورٹ امیگریشن حکام کے حوالے کردیئے گئے جبکہ نواز شریف کی میڈیکل فائل قطر ایئرویز کے ڈاکٹرز کے حوالے کردی جس کے بعد ائیر ایمبولینس کے ڈاکٹرز نے نواز شریف کا بلڈپریشر،شوگر چیک کیا، جبکہ نوازشریف کا سی بی سی ٹیسٹ بھی کیا گیا، ضروری ٹیسٹ کے بعد ڈاکٹرز نے پائلٹ کو اڑان کی اجازت دی۔

سابق وزیر اعظم کے ہمراہ پانچ لوگ ائیر ایمبولینس میں روانہ ہوئے جن میں شہباز شریف، ڈاکٹر عدنان، عابد اللہ جان اور محمد عرفان شامل ہیں۔سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ٹویٹر پیغام میں بتایا کہ نواز شریف دوحہ کے راستے برطانیہ جائیں گے، ایئر بس اے 319-133LR A7MED کے ذریعے سابق وزیراعظم کی روانگی ہوگی، نواز شریف شام ساڑھے چھ بجے لندن ہیتھرو ایئر پورٹ پر پہنچیں گے۔