چیف آف آرمی سٹاف کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات

ملاقات میں علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا: ڈی جی آئی ایس پی آر

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 19 نومبر 2019 20:47

چیف آف آرمی سٹاف کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات
تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 نومبر2019ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں علاقائی سلامتی کے ماحول اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ایرانی صدر مملکت نے علاقائی امن کے لئے پاکستان کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں کو بھی سراہا ہے۔

(جاری ہے)

 
 خیال رہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ایران کے سرکاری دورے پر گئے ہوئے ہیں جہاں آج انہوں نے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ایڈمرل علی شمس خانی اور ایرانی آرمی چیف میجر جنرل عبدالرحیم موسوی سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے امور زیر غور آئے۔اب انہوں نے ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کی ہے۔