Live Updates

خسرو بختیار کو پیٹرولیم کی وزارت دینے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا

سابق وزیر برائے منصوبہ بندی کو اب وزارت نیشنل فوڈ اینڈ سیکیورٹی کا قلم دان دے دیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 19 نومبر 2019 21:08

خسرو بختیار کو پیٹرولیم کی وزارت دینے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 نومبر2019ء) خسرو بختیار کو پیٹرولیم کی وزارت دینے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا، سابق وزیر برائے منصوبہ بندی کو اب وزارت نیشنل فوڈ اینڈ سیکیورٹی کا قلم دان دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کابینہ میں ردوبدل کے حوالے سے وفاقی کابینہ ڈویژن نے نوٹی فکیشن جاری کردیے ہیں، اسد عمر کو منصوبہ بندی و ترقی اور اصلاحات کےوفاقی وزیر کا قلم دان دےدیا گیا ہے۔

تاہم گزشتہ روز کے اعلان کے مطابق سابق وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار کو پیٹرولیم کی وزارت نہیں مل سکی۔ وفاقی کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق خسرو بختیار کو پیٹرولیم کی بجائے وزارت نیشنل فوڈ اینڈ سیکیورٹی کا قلم دان دے دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مشیر اطلاعات نے اعلان کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے مطابق اسد عمر کو منصوبہ بندی کی وزارت دی جائیگی جبکہ خسروبختیار کو وزیر پٹرولیم کی وزارت سونپی جائیگی۔

(جاری ہے)

پیر کو معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کے فیصلے کے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمرکو منصوبہ بندی اور سپیشل انیشیٹو جبکہ خسرو بختیار کو پٹرولیم کا وفاقی وزیر بنایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے جلد نوٹیفکیشن جاری کردیا جائیگا ۔ یاد رہے کہ اسد عمر تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد وزارت خزانہ کے وزیر تھے تاہم بعد میں انہوں نے وزارت سے استعفی دیدیا تھا اورفوری طورپر وزارت نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان اور دیگر وفاقی وزراء نے اسد عمر سے ملاقاتیں کیں اور انہیں وزارت کی پیشکش کی جسے اب اسد عمر نے قبول کرتے ہوئے وزارت لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات