تعلیمی اداروں کی بلدیاتی ایکٹ2019کے تحت بلدیاتی اداروں کو حوالگی کسی صورت قبول نہیں

انتظامیہ اساتذہ کو ڈرانا دھمکانا چھوڑے کیونکہ اساتذہ کا احتجاج پُرامن ہے : تحریک اساتذہ پنجاب

منگل 19 نومبر 2019 23:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2019ء) تحریک اساتذہ پنجاب کے راہنمائوں سید سجاد اکبر کاظمی، چوہدری سرفراز، اللہ بخش قیصر، امتیاز عباسی، چوہدری صفدر، رائے مصطفی ریاض، ملک لطیف شہزاد ، ظفر اقبال روانہ،انیس بھینٹ، ساجد قدیر، عقیل آزاد، نجم الحسن نجمی، اسلم گھمن، وحید مراد یوسفی، رانا لیاقت علی و دیگر نے کہا ہے کہ آج 20 نومبر کو پنجاب بھر سے ہزاروں اساتذہ اور عہدیداران مطالبات کی منظوری تک پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے۔

عہدیدارن نے کہا انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ اساتذہ کو ڈرانا دھمکانا چھوڑ دیں۔ تحریک اساتذہ پنجاب کا احتجاج پُرامن ہے۔ اگر رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔ تحریک اساتذہ پنجاب کے رہنمائوں نے کہ اساتذہ کسی صورت تعلیمی ادارے بلدیاتی اداروں کے حوالے نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

اساتذہ کو درپیش مسائل و مطالبات کئی مرتبہ ارباب اختیار تک پہنچا چکے لیکن منٹس آف میٹنگ جاری کر کے طفل تسلیاں دی جاتی ہیں۔

پے پروٹیکشن کے عدالتی فیصلہ پر عمل درآمد ، SSE's کی ریگولرائزیشن ، پی ایس ٹی ،ای ایس ٹی اور ایس ایس ٹی کے لئے دیگر صوبوں کی طرح ٹائم سکیل ، پی ایس ٹی ، ای ایس ٹی اور ایس ایس ٹی کی پوسٹوں کی اپ گریڈیشن ، غیر منطقی ریشنلائزیشن ، ان سروس پرموشن میں تاخیر، ٹیچنگ لائسینسنگ کا خاتمہ، ٹیچنگ الائونس کا اجراء و دیگر مطالبات فی الفور منظور کر کے وزیر اعلی پنجاب ، صوبائی وزیر تعلیم پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری تعلیم سکولز پنجاب اساتذہ پنجاب میں پایا جانے والا اضطراب و بے چینی کا خاتمہ کریں۔