امریکہ طالبان مذاکراتی عمل جلد بحال ہوجائیگا، شاہ محمود قریشی

امریکہ اور طالبان کے درمیان قیدیوں کی رہائی کا تبادلہ ہوا ہے ،دونوں فریقین نے افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششوں کو سراہاہے مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے،نہتے کشمیریوں کی اٴْصولی جدوجہد میں، ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھیں گے،وزیر خارجہ کی سینئر صحافیوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

منگل 19 نومبر 2019 23:21

امریکہ طالبان مذاکراتی عمل جلد بحال ہوجائیگا، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکہ طالبان مذاکراتی عمل جلد بحال ہوجائیگا،طالبان نے امریکہ کے دو مغوی باشندوں جبکہ امریکہ نے حقا نی گروپ کے افراد کو رہا کیا ہے،دونوں فریقین نے افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششوں کو سراہاہے، مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے،نہتے کشمیریوں کی اٴْصولی جدوجہد میں، ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے ) ، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے ) اور نیشنل پریس کلب کے عہدیداران سے ملاقات میں کیا ۔صدر پی ایف یو جے افضل بٹ کی قیادت میں سینئر صحافیوں کے وفد کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

صحافیوں نے مقبوضہ جموں کشمیر سمیت اہم امور پر بہترین خارجہ پالیسی اپنانے اور نہتے کشمیریوں پر جاری مظالم کو بین الاقوامی فورمز پر کامیابی سے اجاگر کرنے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی ۔

محمد افضل بٹ نے کہاکہ جس طرح مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف دنیا بھر میں کھل کر سامنے آئے آیا ہے اور ہندوستان کے جھوٹے بیانیے کا پردہ فاش ہوا ہے اس کی نظیر پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔شا ہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ۔نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی اٴْصولی جدوجہد میں، ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھیں گے ۔

میڈیا بلا شبہ ریاست کا اہم ستون ہے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کو اجاگر کرنے میں بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ ساتھ، پاکستانی میڈیا کا کردار مثالی رہا۔ افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ طالبان مذاکراتی عمل جلد بحال ہوجائے گا،پاکستان کی کوششوں سے امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات جلد دوبارہ شروع ہونے جارہے ہیں ،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ طالبان نے امریکہ کے دو مغوی باشندوں کورہا کردیا ہے جنہیں امریکہ کے حوالے کردیا گیا ہے ۔

پاکستان نے مغوی امریکی باشندوں کی رہائی میں اہم کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ جواب میں امریکہ نے بھی حقانی گروپ کے گرفتار افراد کو رہا کیا ہے جو واپس پہنچ چکے ہیں ۔پاکستان کی کوششوں کو دونوں فریقین نے سراہا ہے جبکہ پاکستان افغان مسئلے کے پرامن حل اور خطے میں سلامتی کیلئے بھی کوششیں کررہاہے ۔صحافیوں کے وفد نے وزیر خارجہ سے ان کی ہمشیرہ اور ماموں زاد بھائی نواب عاشق حسین قریشی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ آمد پر صحافیوں کا شکریہ ادا کیا ۔ وفد میں صغیر احمد چوہدری فنانس سیکریٹری نیشنل پریس کلب آصف بھٹی. سیکریٹری آر آئی یو جی. ایوب ناصر سینئر جرنلسٹ. عامر بٹ، ٹکا ثانی،عباس شبیر، مائرہ عمران، فوزیہ رانا، اویس کیانی،ضیاء بھیروی رانا ابرار شامل تھے۔