Live Updates

وزیر اعظم کی جذباتی تقاریر سن سن کر لوگ تنگ آچکے ہیں، اب کوئی بھی ان کی بات کو سنجیدہ نہیں لیتا ، سینیٹر سراج الحق

خزانہ بھرنے کے لیے لوگوں کے منہ کا نوالہ چھیننا کہاں کا انصاف ہے ایک پاکستان بنانے کے دعویداروں نے طبقاتی تقسیم کو مزید گہرا کر دیاہے -امیر اور غریب کے لیے عدالتیں ، ہسپتال اور تعلیمی ادارے جدا جدا ہیں، کارکنان سے گفتگو

منگل 19 نومبر 2019 23:28

وزیر اعظم کی جذباتی تقاریر سن سن کر لوگ تنگ آچکے ہیں، اب کوئی بھی ان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیر اعظم کی جذباتی تقاریر سن سن کر لوگ تنگ آچکے ہیں اور اب کوئی بھی ان کی بات کو سنجیدہ نہیں لیتا ۔ خزانہ بھرنے کے لیے لوگوں کے منہ کا نوالہ چھیننا کہاں کا انصاف ہے ۔ ایک پاکستان بنانے کے دعویداروں نے طبقاتی تقسیم کو مزید گہرا کر دیاہے ۔

امیر اور غریب کے لیے عدالتیں ، ہسپتال اور تعلیمی ادارے جدا جدا ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوئر دیر میدان ،میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم کو سنجیدگی اختیار کرتے ہوئے ملک کے مستقبل کی فکر کرنی چاہیے ۔اب انہیں دعوئوں کی بجائے کچھ کر کے دکھانا ہوگا ۔ وہ پارٹی لیڈر نہیں بلکہ ملک کے وزیراعظم ہیں لیکن شاید ابھی تک ان کو اس بات کا یقین نہیں آیا ۔

(جاری ہے)

پندرہ ماہ کے دوران حکومت کسی شعبہ میں بھی کوئی تبدیلی نہیں لاسکی ۔ مہنگائی ، بے روزگاری کے ساتھ ساتھ کرپشن میں بھی اضافہ ہوگیاہے ۔ رشوت کے ریٹ بڑھ چکے ہیں ۔ تھانے اور پٹوار خانے کا نظام پہلے سے زیادہ ابتر ہو چکاہے ۔سینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ حکمران بتائیں کہاں ایک پاکستان ہے ۔ امیر غریب کے درمیان خلیج مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ غریب کو کہیں سے انصاف نہیں ملتا ۔

غریبوں کے تعلیمی ادارے چار دیواری ، بجلی اور پانی سے بھی محروم ہیں اور امیروں کے تعلیمی اداروں میں گھڑ سواری ، پولو اور حکمرانی کے دائو پیچ بھی سکھائے جاتے ہیں ۔ حکمران امریکہ اور برطانیہ کے ہسپتالوں سے علاج کرواتے ہیں اور غریبوں کو سرکاری ہسپتالوں میں بھی علاج کی سہولت نہیں ملتی ۔ انہوںنے کہاکہ ملک پر ظلم کا نظام مسلط ہے ، پی ٹی آئی نے انصاف ، تعلیم اور علاج کی یکساں سہولتوں کا بھی وعدہ کیا تھا مگر دوسرے بہت سے وعدوں کی طرح یہ بھی ہوا میں تحلیل ہو کر رہ گیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکاہے حکومت غریبوں کی جیب پر ڈاکہ ڈال رہی ہے ۔ عام آدمی کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑ گئے ہیں ۔ غریب اپنے بچوں کو تعلیمی اداروں سے اٹھوا نے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ غریب سرکاری ہسپتالوں میں ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر جاتے ہیں ، انہیں ڈسپرین کی گولی بھی مفت نہیں ملتی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات