مال روڈ پر دھرنے ،پنجاب اسمبلی اجلاس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم

دھرنے کے خلاف لاہورہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کر دی گئی

بدھ 20 نومبر 2019 00:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2019ء) پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر نویں روز بھی دھرناجاری رہا جبکہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی وجہ سے پنجاب اسمبلی کے اطراف کی شاہراہیں بھی بند رکھی گئیں جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب لینڈ ریکارڈاتھارٹی کے ملازمین کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر مسلسل نویںروزبھی دھرنا دیا گیا۔

پولیس نے مظاہرین کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے مرکزی دروازے کی طرف جانے کے خدشے کے پیش نظر بیرئیر اور خار دار لگا کر پنجاب اسمبلی کا مال روڈ والا مرکزی راستہ اور واپڈا ہائوس سے ملحقہ شاہراہ کومکمل بند کر دیا ۔ پولیس نے مظاہرین کے گردبھی بیرئیر اور رکاوٹیںلگاکر انہیں اپنے حصار میں لئے رکھا ۔

(جاری ہے)

مال روڈ کی جانب سے مرکزی راستہ بندہونے کی وجہ سے اراکین اسمبلی متبادل راستے سے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے پہنچے تاہم تمام شاہراہوں پر ٹریفک کا بد ترین جام ہونے کی وجہ سے عام شہریوں کے ساتھ ساتھ صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کی گاڑیاںبھی ٹریفک جام میں پھنسی رہیں۔

علاوہ ازیں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کے دھرنے کے خلا ف لاہو رہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کر دی گئی ۔جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر لاہو رہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن آج سماعت کریں گے ۔