ڈی جی نیب لاہورومدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعودی عرب کے وفد کاپنجاب سیف سٹیزکا دورہ

سیف سٹیزمنصوبہ لاہور کی پہچان بن چکا، منصوبے میں ماڈرن ٹیکنالوجی اور تربیت کا معیار قابل تعریف ہے‘شہزاد سلیم

منگل 19 نومبر 2019 23:55

لاہور۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) قومی احتساب بیورو (نیب ) لاہور کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی )شہزاد سلیم اورمدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعودی عرب کے وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا۔اس موقع پرچیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان اور چیف ایڈمنسٹریشن آفیسر محمد کامران خان کی جانب سے ڈی جی نیب اورسعودی وفد کو سیف اینڈ سمارٹ سٹی بارے بریفنگ دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی نیب اور مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعودی عرب کے وفدکو اتھارٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا گیااور ورکنگ بارے مکمل بریفنگ بھی دی گئی۔ڈی جی نیب اور وفد نے کیمروں کی مدد سے سکیورٹی ومانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیااوراتھارٹی افسران نے ایڈوانس ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اورالیکٹرانک چالان کے نظام بارے بتایا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی نیب لاہورکااتھارٹی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نوکری تو سب کرتے ہیں، آپ بہت بڑی خدمت کر رہے ہیں‘سیف سٹیزمنصوبہ لاہورشہر کی پہچان بن چکا ہے‘سیف سٹیز ٹیم کو اعزاز حاصل ہے کہ اپنی طرز کا پہلا منصوبہ خوش اسلوبی سے مکمل کیا‘منصوبے کی بروقت تکمیل کے بعد اسے کامیابی سے چلائے رکھنا آپ کا ٹارگٹ ہونا چاہیے۔

سربراہ وفد مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ سیف سٹیز منصوبے کی افادیت عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے، مدینہ طیبہ کو پلان 2040ء کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ کر رہے ہیں‘دنیا بھر سے آنے والے زائرین اور لاکھوں کی آبادی کی سکیورٹی اہمیت کی حامل ہے‘سیف سٹی منصوبے میں ماڈرن ٹیکنالوجی اور تربیت کا معیار قابل تعریف ہے۔بعدا زاں ڈی جی نیب اور مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعودی عرب کے وفدکو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے یادگاری شیلڈ زبھی پیش کی گئی۔