Live Updates

پاکستان تحریک انصاف نے نواز شریف کے خلاف کرپشن کے کیسز نہیں بنائے، آزاد ادارہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات درج کئے تھے

وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 20 نومبر 2019 00:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نواز شریف کے خلاف کرپشن کے کیسز نہیں بنائے بلکہ قومی احتساب بیورو (نیب) جو کہ ایک آزاد ادارہ ہے نے سابق وزیر اعظم کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات درج کئے ہیں اور انہیں جیلوں میں ڈالا۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں ابھی تک کرپشن کا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا، اگر نیب کو لگتا ہے کہ ہمارا کوئی وزیر بھی بدعنوانی میں ملوث ہے تو وہ تحقیقات کرنے کیلئے آزاد ہے، عوام نے پی ٹی آئی کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا ہے اور حکومت لوٹی ہوئی رقم واپس لانے کیلئے پر عزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں امیر اور غریب کیلئے الگ الگ قانون ہے، پی ٹی آئی حکومت ملک میں دہرے معیار کے خاتمے اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے اقتدار میں آئی ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں حکومت مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز دونوں نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اپنے مذموم مفاد اور سیاسی فوائد کے لئے استعمال کیا جس میں انہیں بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، مولانا بھی اب جان گئے ہیں کہ انہیں استعمال کیا گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات