Live Updates

ملک کو اکیلے چلانے کی بات کرنے والے کو اپنا علاج کرانے کی ضرورت ہے‘ احسن اقبال

شوکت خانم کے ڈاکٹروں سے نواز شریف کی بیماری کی تصدیق حاصل کی گئی،مریم والد کی تندرستی کے بعد اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی

بدھ 20 نومبر 2019 11:53

ملک کو اکیلے چلانے کی بات کرنے والے کو اپنا علاج کرانے کی ضرورت ہے‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2019ء) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو اکیلے چلانے کی بات کرنے والے کو اپنا علاج کرانے کی ضرورت ہے، عمران خان کا آج بھی رویہ غیر سنجیدہ ہے،اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ نواز شریف علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہو گئے،نواز شریف کے بیرون ملک علاج کے لیے ہمیں عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑ گیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے انتہائی نفرت آمیز سیاست متعارف کرا دی ہے اور ان کے نزدیک انسانی زندگی کی کوئی حیثیت نہیں ۔ اگر نواز شریف کو پہلے جانے دیا جاتا تو وہ نارمل فلائٹ سے چلے جاتے لیکن اب انہیں ائیر ایمبولینس کے ذریعے روانہ کیا گیا۔میڈیکل بورڈ کی تصدیق کے باوجود وزیر اعظم عمران خان کو نواز شریف کی بیماری پر تسلی نہیں ہو رہی تھی جس پر عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال سے ڈاکٹروں کی ٹیم بلائی، انہوں نے بھی بیماری کی تصدیق کی تو عمران خان نے کابینہ کو آگاہ کیا لیکن اس کے باوجود وفاقی کابینہ نواز شریف سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان دیتی رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاست چلانے کے لیے نواز شریف کی رہنمائی ہمیں دستیاب رہے گی جبکہ ذمہ داران اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے، خواجہ آصف کو پارلیمانی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں وہ معاملات دیکھتے رہیں گے۔انہوںنے کہا کہ مریم نواز اس وقت اپنے والد کی وجہ سے پریشان ہیں اس لیے ہم بھی نہیں چاہتے کہ انہیں مزید پریشان کیا جائے۔ نواز شریف کی صحتیابی کے بعد سب اپنا اپنا کردار ادا کریں گے، مریم نواز کی نوجوانوں میں کافی پذیرائی ہے اور وہ نواز شریف کی تندرستی کے بعد پھر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور اس ملک کو تن تنہا کوئی نہیں چلا سکتا اگر کوئی شخص پاکستان کو اکیلے چلانے کا دعوی کرتا ہے تو اسے اپنا علاج کرانے کی ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت ابھی تک کنٹینر پر ہی کھڑی ہوئی ہے۔ عمران خان کا آج بھی اپنی تقریوں میں رویہ غیر سنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت کو ابھی تک پاکستان کی اقتصادی صورتحال کا ادراک نہیں ، موجودہ حکومت نے جو سراسیمگی پھیلائی ہے اس کے بعد ہر ادارے کا افسر خوفزدہ ہے اور کوئی کسی بھی طرح کا کام کرانے یا رقم جاری کرتے ہوئے کترا رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کے موجودہ رویوں کے ساتھ ملک نہیں چل سکتا،حکومت کی اپنی اہلیت اور صلاحیت پر بہت سے سوالات اٹھ رہے ہیں، پکڑ دھکڑ سے کسی بھی طرح ملک نہیں چل سکتا، عمران خان کے رویے کے بعد اب حزب اختلاف اس بات پر متفق ہے کہ شفاف انتخابات ہونے چاہئیں۔رہبر کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ احتجاج کی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس لیے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات