افغان صدر اشرف غنی کا داعش کے خلاف فتح کا اعلان

داعش کے 600 سے زائد شدت پسندوں نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ افغان حکومت کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 20 نومبر 2019 12:05

افغان صدر اشرف غنی کا داعش کے خلاف فتح کا اعلان
کابل (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر 2019ء) : افغان صدر اشرف غنی نے شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف فتح کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق افغان حکام کا کہنا ہے کہ چند ہفتوں کے دوران داعش کے 600 سے زائد شدت پسندوں نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ افغان حکومت کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے ہیں۔افغان حکام کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے جلال آباد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل کسی کو اس بات کا یقین نہیں تھا کہا افغانستان داعش کے خلاف کھڑا ہو گا اور آج وہ داعش کی تباہی کا اعلان کر رہے ہیں۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغان صدر اشرف غنی کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کابل انتظامیہ کا داعش کی شکست میں کردار صفر فیصد ہے۔ان کے قبضے میں کو شدت پسند موجود ہیں وہ ایران، تاجکستان، ازبکستان، آذر بائیجان ، قازقستان اور مالدیپ کے باشندے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ افغانستان میں 600 سے زیادہ داعش دہشتگردوں ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔

افغانستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ حکومت افغانستان کے سامنے داعش کے افراد کے گھٹنے ٹیکنے کا تازہ ترین واقعہ، صوبہ ننگرہار کے ضلع آچین میں پیش آیا اور ہتھیار ڈالنے والوں میں 24 خواتین اور اکتیس بچے بھی شامل ہیں۔حالیہ دو ہفتوں کے دوران افغان فوج کے سامنے 615 داعشی ہتھیار ڈال چکے ہیں۔اس رپورٹ کے مطابق صوبہ ننگرہار میں داعش دہشتگرد گروہ کے اڈوں پر افغان فوج اور سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائیوں میں شدت آنے کے بعد فوج کے سامنے ہتھیار ڈالنے والے داعش دہشتگردوں کی تعداد بڑھی ہے۔