طالبان کا افغانستان میں امریکی ہیلی کاپٹر تباہ کرنے کا دعوی، دو اہلکار ہلاک

طالبان کے ہیلی کاپٹر کو تباہ کرنے کے شواہد نہیں ملے،افغان وزارت دفاع/امریکا کی واقعے کی تصدیق

بدھ 20 نومبر 2019 13:23

طالبان کا افغانستان میں امریکی ہیلی کاپٹر تباہ کرنے کا دعوی، دو اہلکار ..
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2019ء) افغانستان میں امریکی ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کے نتیجے میں 2 امریکی اہلکار ہلاک ہو گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی فورسز نے ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہے لیکن ابتدائی طور پر ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جس سے لگتا ہو کہ ہیلی کاپٹر کو دشمن نے تباہ کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب افغان طالبان نے ہیلی کاپٹر کو تباہ کرنے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کو افغانستان کے صوبے لوگر میں تباہ کیا گیا۔طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ امریکا کے چنوک ہیلی کاپٹر کو گزشتہ رات لوگر کے علاقے پنگرام میں تباہ کیا گیا۔افغانستان کی وزارت دفاع کی جانب سے بھی اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی طور پر ایسے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں کہ ہیلی کاپٹر کو طبالبان نے تباہ کیا ہو اور نا ہی ہیلی کاپٹر حادثے میں کوئی افغان اہلکار زخمی ہوا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی افغانستان نے دو غیر ملکی پروفیسرز کی رہائی کے بدلے تین طالبان رہنمائوں کو رہا کیا تھا۔