سابق وزیراعظم نواز شریف کی ائیر ایمبولینس کی گراؤنڈ ہینڈلنگ کس نے کی ؟

ایروناٹیکل و دیگر چارجز کی مد میں 4500 ڈالر سے لے کر 7000 ڈالر تک کی ادائیگیاں واجب الادا ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 نومبر 2019 14:08

سابق وزیراعظم نواز شریف کی ائیر ایمبولینس کی گراؤنڈ ہینڈلنگ کس نے کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر 2019ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف گذشتہ روز ائیر ایمبولینس کے ذریعے لاہور سے لندن روانہ ہوئے تھے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو لے جانے والی ایئرایمبولینس پر کتنے پیسے خرچ ہوئے اور کس نے یہ تمام اخراجات برداشت کئے اس حوالے سے تاحال تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ائیر ایمبولینس ائیر 319 کی گراؤنڈ ہینڈلنگ سابق مشیر شجاعت عظیم کی کمپنی رائل ائیرپورٹ سروسز نے کی۔

ایروناٹیکل و دیگر چارجز کی مد میں 4500 ڈالر سے لے کر 7000 ڈالر تک کی ادائیگیاں واجب الادا ہیں جو سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے وصول کرنے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بعض چھوٹی ائیر ایمبولینسز کو خدامات فراہم کرنے کے بدلے سول ایوی ایشن اتھارٹی پیسے وصول نہیں کرتی۔

(جاری ہے)

پاکستان سے لندن پہچنے تک ائیرایمبولینس کے اخراجات اندازے کے مطابق ایک لاکھ پاونڈ سے زائد ہیں۔

قطرائیر ایمبولینس کا کرایہ یومیہ ایک لاکھ پاؤنڈ سے زائد ہے۔ فلائٹ سرجن کی فیس 700 پاؤنڈ یومیہ، ڈاکٹرز 700 پاؤنڈ، نرس کی 350 پاؤنڈ، پیرامیڈیکل اسٹاف کی یومیہ فیس بھی 350 پاؤنڈ ہے۔ البتہ ائیر ایمبولینس کے اخراجات کس نے برداشت کیے اس حوالے سے تاحال تفصیلات آنا باقی ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے ائیرایمبولینس میں سوار ہو کر براستہ دوحہ لندن پہنچے ۔

لندن پہنچنے پر نواز شریف خود چل کر ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں داخل ہوئے جہاں ان کے سمدھی اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پہنچنے پر اپنے صاحبزادوں حسن نواز ، حسین نواز اور بھتیجے سلمان شہباز سے بغل گیر ہوئے جس کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔