ملک کے معروف شاعر فیض احمد فیض کی 34 ویں برسی منائی گئی

بدھ 20 نومبر 2019 15:08

ملک کے معروف شاعر فیض احمد فیض کی 34 ویں برسی منائی گئی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) ملک کے معروف ترقی پسند انقلابی شاعر فیض احمد فیض کی 34 ویں برسی بدھ کو ملک بھرمیں منائی گئی۔ اس موقع پر صوبائی دارالحکومتوں سمیت ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹر ز پر تعزیتی ریفرنسز ، سیمینارز ، کانفرنسز ، ورکشاپس ، مذاکروں، مباحثوں ، مشاعروں اور دیگر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیاجبکہ ادبی حلقوں نے اس موقع پر قرآن خوانی اور فاتحہ کا اہتمام بھی کیا۔

مختلف تقریبات کے دوران ادب کے شعبہ سے تعلق رکھنے والی ملکی و غیر ملکی شخصیات، سیاسی رہنما ئوں ، دانشوروں، مبصرین، مصنفین اور اہل قلم حضرات نے ان کی ادبی ، قومی ، ملکی وملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ اپنے نادر الفاظ کو محبت کے موتیوں میں پرو دینے والے پاکستان کے ممتاز شاعر فیض احمد فیض 13فروری 1911ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

انہیں شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور مرزا غالب کے بعد اردو ادب کا عظیم شاعر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

فیض احمد فیض کی شاعری کی ہردلعزیزی کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جا سکتاہے کہ ان کے ادبی مجموعوں کا انگلش ، فارسی، روسی ، جرمن اور دیگر زبانوں میں بھی ترجمہ کیا جاچکا ہے۔ فیض احمد فیض براعظم ایشیاء کے وہ واحد شاعر ہیں جنہیں روس کی جانب سے لینن امن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ ان کی وفات سے قبل انہیں نوبل پرائز کیلئے بھی منتخب کیاگیا تھا۔

انہیں بیش بہا ملکی و غیرملکی ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے لیکن ایک ہر دلعزیز شاعر کیلئے انکا اصل ایوارڈ ان کے پرستار ہوتے ہیں اور فیض احمد فیض اس لحاظ سے انتہائی خوش نصیب شاعر ہیں کہ ان کے پرستاروں اور مداحوں کی تعداد لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں میں ہے۔ فیض احمد فیض 20نومبر 1984ء کو 73 برس کی عمر میں اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔ مرحوم کی برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا نے خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا نے بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا۔