ْاقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا اسرائیلی آبادکاریوں کے حق میں امریکی بیان پر اظہار افسوس

بدھ 20 نومبر 2019 15:28

ْاقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا اسرائیلی آبادکاریوں کے حق میں امریکی ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹرس نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میںغیر قانونی اسرائیلی آبادکاریوںکی حمایت میں امریکی حکومت کے حالیہ بیان پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈجیرک نے اپنی یومیہ پریس بریفنگ میںایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ نے اس معاملے پر اقوام متحدہ کی قرادادوں کو نظر انداز کیا جس پر ہمیں تشویش ہے ۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی آباد کاریوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کا مؤقف تبدیل نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں اسرائیل فلسطین تنازع کے حل اور پائیدار امن کے قیام کے لئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2334 میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اسرائیلی آباد کاریاں بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی اور تنازع کے جامع اور پائیدار حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور یہی سیکرٹری جنرل کا مؤقف ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ اسرائیل کے مغربی کنارے کی بستیوں کو واشنگٹن اب بین الاقوامی قوانین سے متصادم نہیں سمجھے گا۔ امریکی حکومت کا یہ مؤقف اس معاملے پر اوبامہ انتظامیہ کے مؤقف سے بالکل مختلف ہے۔