آسٹریا میں ہٹلر کی جائے پیدائش کو پولیس ہیڈ کوارٹرز بنانے کا اعلان

بدھ 20 نومبر 2019 16:15

ویانا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) آسٹریا میں جرمنی کے سابق آمر ایڈولف ہٹلر کی جائے پیدائش کو پولیس ہیڈ کوارٹرز بنایا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ آسٹریا کی وزارت داخلہ نے گھر کے بہترین استعمال اور ملکیت پر کئی سال کی قانونی جنگ کے بعد کیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے آسٹریا کے وزیر داخلہ وولف گانگ پیسکورن نے بتایا کہ ہٹلر کے گھر کی عمارت کے صحیح استعمال پر بحث کے بعد اسے مستقبل میں محکمہ پولیس کے استعمال میں لایا جائے گا جو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یہ گھر دوبارہ کبھی بھی نازی یادگار نہیں ہو گا۔

وزرت داخلہ کے مطابق بالائی آسٹریا کے علاقہ برانائو میں موجود اس گھر کو مستقبل میں ضلعی پولیس ہیڈکوارٹرز اور برانائو پولیس انسپکٹریٹ کے زیراستعمال لایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے اس کی دوبارہ تزئین و آرائش کی جائے گی اور اس سلسلے میںشہر کے نمائندوں سمیت آزاد جیوری کے ماہرین کے ساتھ ایک یورپی یونین بھر میں بولی رواں ماہ شروع کی جائے گی، جس کا امکان ہے کہ وہ آئندہ سال کی پہلی ششماہی میں فیصلہ کریں گے۔