Live Updates

فیصل آباد ، شوگر ملز کی جانب سے گنے کا کرشنگ سیزن بروقت شروع نہ کرنے سے گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف پورے نہ ہونے کا خدشہ

بدھ 20 نومبر 2019 16:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) فیصل آباد ڈویژن سمیت اکثر اضلاع میں شوگر ملز کی جانب سے گنے کا کرشنگ سیزن بروقت شروع نہ کرنے کے باعث گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف پورے نہ ہونے کا خدشہ ہے جبکہ صرف ضلع فیصل آباد میں 2لاکھ 57ہزار ایکڑ رقبہ پر گنے کی فصل ہونے کے باعث ایک لاکھ ایکڑ کے قریب اراضی پر بروقت گندم کاشت نہ ہونے کاخطرہ بھی پیداہو گیاہے، پاکستان کسان ویلفیئرکونسل کے ترجمان نے بتایاکہ شیڈول کے مطابق گنے کا کرشنگ سیزن 15اکتوبر سے شروع کیا جانا ضروری ہے جبکہ گندم کی کاشت کا موزوں ترین وقت 15نومبر تک ہے کیونکہ اس کے بعد گندم کی کاشت کی صورت میں روزانہ کے حساب سے پیداوار میں کمی ہونا شروع ہو جاتی ہے، انہوںنے کہاکہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ 15اکتوبر کی بجائے 20نومبر تک کاوقت آجانے کے باوجود ابھی تک اکثر شوگر ملزنے گنے کا کرشنگ سیزن شروع نہیں کیا ہے جس کے باعث فیصل آباد سمیت دیگر اضلاع میں بھی لاکھوں ایکڑ رقبہ پر گنے کی فصل موجود ہے جس کی کٹائی نہ ہونے سے گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف پورے نہ ہونے کا خطرہ ہے، انہوںنے کہاکہ اگر گندم کی کاشت مقررہ اہداف کے مطابق نہ ہو سکی تو آئندہ سال آٹے کے بحران کا خدشہ بھی ہو سکتاہے، انہوںنے کہاکہ اگر کاشتکار گنا کاٹ لیں مگر اس کی بروقت شوگر ملز کو ترسیل نہ ہو سکے تو ہر روز کی بنیاد پر گنے کا وزن بھی کم ہونا شروع ہو جاتاہے جس سے کاشتکاروں کو مالی مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے، انہوںنے کہاکہ پیداواری لاگت کے حساب سے گنے کی فی من قیمت 180روپے کی بجائے کم از کم 230 روپے ہونی چاہیے لیکن حکومت کی جانب سے ابھی تک شوگر ملز مافیا کو ملیں چالو کرنے کی ہدایت نہیں کی گئی، انہوںنے کہاکہ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو آئندہ کاشتکار گنا کاشت نہیں کریں گے جس سے پھر چینی کا بحران جنم لے گا، انہوںنے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کی بھی اپیل کی ہے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات