محکمہ زراعت کی آخر نومبر تک کاشتہ پیاز کی پنیری دسمبر میں کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت

بدھ 20 نومبر 2019 16:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) محکمہ زراعت نے آخر نومبر تک کاشتہ پیاز کی پنیری دسمبر میں کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مذکورہ ایام میں کاشت کی گئی پنیری کی بہتر پیداوار حاصل کرنے کے لیے کھیتوں میں منتقل کرنے کا بہترین وقت دسمبر کا ہوتاہے تاہم یہ پنیری جنوری میں بھی کھیتوں میں منتقل کی جا سکتی ہے ، محکمہ کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ پنیری کی کھیتوں میں منتقلی کے 25 سی30 روز بعد آدھی بوری یوریا اور ایک بوری امونیم سلفیٹ فی ایکڑ ضرور کھیتوں میں ڈالیں، انہوںنے کہاکہ جب پیاز بننے کامرحلہ شروع ہو تو اس وقت بھی آدھی بوری یوریا اور ایک بوری امونیم سلفیٹ فی ایکڑ کھیتوں میں ڈالنا ضروری ہے، انہوںنے کہاکہ متناسب کھادوں کا استعمال پیاز کی بمپر کراپ کا ضامن ہوتاہے اس لیے کاشتکار کسی کوتاہی کا مظاہر ہ نہ کریں، انہوںنے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کے لیے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا محکمہ کی فری ایگریکلچرل ہیلپ لائن سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔