Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاک۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس

سیکرٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا کی پاک۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ کے تحت موجودہ سیٹ اپ اور دیگر اہم امور سمیت آپریشنل سطح پر درپیش مشکلات پر تفصیلی بریفنگ

بدھ 20 نومبر 2019 16:50

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاک۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور ٹرانزٹ ٹریڈ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاک۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے نظام کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں بدھ کو اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر خالد مقبول صدیقی، بحری امور کے وزیر سیّد علی حیدر زیدی، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سٹیٹ بینک کے گورنر رضا باقر، سیکرٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

سیکرٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا نے پاک۔

(جاری ہے)

افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ کے تحت موجودہ سیٹ اپ اور سمگلنگ کے ذریعے پاکستانی منڈیوں میں سامان واپس لائے جانے، جس سے ملکی صنعت شدید متاثر ہوتی ہے سمیت آپریشنل سطح پر درپیش مشکلات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے مثبت اثرات کے تناظر میں پاکستان نے اپنے ہمسایہ لینڈ لاکڈ ملک کو ٹرانزٹ ٹریڈ کی سہولت فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے تاہم انہوں نے ہدایت کی کہ اس سہولت کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہئے اور پاکستانی صنعت کی ترقی کو اس سے نقصان نہیں پہنچنا چاہئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صنعتوں کی ترقی اور برآمدات بڑھانا موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات ہے۔ انہوں نے پاک۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ کو افغان حکام کے ساتھ رابطہ کے ذریعے بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک اور خطہ کیلئے اس سے بہتر طور پر استفادہ کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے اس معاہدہ سے ذاتی مفادات کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے وزارت تجارت کو ہدایت کی کہ اس سلسلہ میں تین دن کے اندر جامع حکمت عملی پیش کی جائے اور اس کی تیاری میں تمام آپریشنل پہلوئوں کو مدنظر رکھا جائے اور درکار انتظامی اقدامات کی نشاندہی بھی کی جائے تاکہ اس معاہدہ کے مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے شفاف اور کرپشن سے پاک انتظامی اقدامات کئے جا سکیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات