کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ میں احتساب کے عمل کو تیز کیا جائے، جام اکرام اللہ دھاریجو

بدھ 20 نومبر 2019 19:45

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) سندھ کے وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے متعلقہ افسران سے کہا ہے کہ وہ محکمے احتساب کے عمل کو تیز کریں اور محکمہ سندھ کوآپریٹو میں شفافیت کو برقرار رکھیں اور لوگوں کی سہولت کے لئے کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی ایکٹ میں کچھ ترامیم کریں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے امور سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

سیکرٹری کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ اختر عنایت بھرگڑی ، رجسٹرار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز سہیل بلوچ ، ایم ڈی ایس سی ایچ اے اعجاز احمد ، ڈپٹی رجسٹرار کراچی نوید احمد عباسی اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ ہمیں ریگولیٹری اتھارٹی کے طور پر کام کرنا چاہئے اور ہمیں اپنے ایکٹ کا دوسرے صوبوں سے بھی موازنہ کرنا چاہئے اور عوام کے لئے سہولیات مہیا کرنی چاہیے۔

صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں انتخابات کو یقینی بنایا جائے اور ان ایڈمنسٹریٹروں کے خلاف کاروائی کریں جو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کی توقعات پر پورا اتریں اور ایک ایسا طریقہ کار تیار کریں جس کے تحت وہ ایسے ں کام کریں تاکہ معاملات صحیح راستے پر گامزن ہوں۔

انہوں نے محکمہ میں آٹومیشن اسکیم پر کام تیز کرنے اور ترجیحی بنیادوں پر معاملات حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے ان سے مزید کہا کہ وہ نیب ، ایف آئی اے اور انسداد بدعنوانی کے ساتھ تعاون کریں اور تمام ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار رکھیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی خدمت کے لئے پرعزم ہے اور ہم ان کی سہولت کے لئے تمام اقدامات کریں گے۔