چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی رائل نیوی کے فرسٹ سی لارڈ سے ملاقات

نیول چیف کو برطانوی رائل نیول کالج میڈل کی تفویض ، نیول چیف کی برطانوی تھنک ٹینک کے ساتھ بات چیت

بدھ 20 نومبر 2019 20:14

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی رائل نیوی کے فرسٹ سی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر2019ء) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں ۔ اپنے دورے کے دوران نیول چیف نے رائل نیوی کے فرسٹ سی لارڈ ، اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف (شپس) سے ملاقات کی اس دورے کے دوران نیول چیف کوبرطانوی رائل نیول کالج میڈل بھی تفوض کیا گیا۔ نیول چیف نے اسٹریٹیجک راوٴنڈ کانفرنس میں شرکت کی اور برطانیہ کے نیشنل میری ٹائم انفارمیشن سینٹر ، برٹش تھِنک ٹینک اور انٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹیجک اسٹڈیز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خطاب بھی کیا۔



چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے وزارت دفاع میں فرسٹ سی لارڈ ایڈمرل ٹونی راڈکین، اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف (شپس) ریئر ایڈمرل جم ہیغام اورچیپلین آف دی فلیٹ مارٹن جان گوف سے نیول کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیول چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔


ملاقاتوں کے دوران معزز شخصیات نے میری ٹائم سیکورٹی، باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ بحری تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

برطانوی نیول چیف نے خطے میں میری ٹائم سیکورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے کراچی میں منعقدہ کثیر ملکی مشق امن 19- میں رائل نیوی کی شرکت پر رائل نیول چیف کا شکریہ ادا کیا۔ معز ز شخصیات نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی میں معاونت پر پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ تمام معزز شخصیات نے بحری اشتراک کے مختلف شعبوں میں روابط کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔


چیف آف دی نیول اسٹاف نے فرسٹ سی لارڈ اور اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف (پالیسی) کے ہمراہ اسٹریٹیجک راوٴنڈ کانفرنس میں بھی شرکت کی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کے اعزاز میں بحری جہاز ایچ ایم ایس وکٹری پر عشائیہ بھی دیا گیا جہاں فرسٹ سی لارڈ ایڈمرل ٹونی راڈکین کی جانب سے نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو برطانیہ رائل نیول کالج میڈ ل تفویض کیا گیا۔

نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ایچ ایم ایس ڈائمنڈکا بھی دورہ کیا۔
بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف نے نیشنل میری ٹائم انفارمیشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل پہلووٴں پر بریف کیا گیا۔ نیول چیف نے آئی آئی ایس ایس کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے خطاب کیا اوردانشوروں،تعلیمی اداروں کے افراد اور میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کی۔
 نیول چیف کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک کے مابین بالعموم اور دونوں بحری افواج کے مابین بالخصوص دفاعی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :