قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آٹھویں راوٴنڈ کاتیسراروز مکمل

ناردرن کے خلاف سدرن پنجاب کی ٹیم فالو آن کا شکار،عمر اکمل کی سنچری کی بدولت سنٹرل پنجاب کی میچ میں واپسی

بدھ 20 نومبر 2019 20:28

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آٹھویں راوٴنڈ کاتیسراروز مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر2019ء)   کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں ناردرن کے463 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب کی ٹیم پہلی اننگز میں 268 رنز پر ڈھیر ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی ہے۔ مشکلات کا شکار مہمان ٹیم میچ کی دوسری اننگز میں بھی پراعتماد آغاز نہ کرسکی۔ 41 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد سدرن پنجاب نے دن کے اختتام پردوسری اننگز میں1وکٹ کے نقصان پر 76 رنزبنالیے ہیں۔

مہمان ٹیم تاحال 119 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔عمر صدیق اور ذیشان اشرف بالترتیب 39 اور 21 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے آخری روز کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے 2وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز سے کھیل کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ مڈل آرڈر بلے بازپہلی اننگز میں مشکلات کے بھنور میں گھری مہمان ٹیم کو سنبھالا دینے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم268 رنز پر آوٴٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئی۔

(جاری ہے)

اوپنر عمر صدیق 60 رنز بناکر ٹاپ اسکور ررہے۔لیگ اسپنر شاداب خان نے 3 اور وقاص احمد نے 2وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے تیسرے روز سنٹرل پنجاب نے دوسری اننگز میں سندھ کے خلاف 114 رنز کی برتری حاصل کرلی اور اس کی8 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ 93 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے عمر اکمل کی سنچری کی بدولت تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 2وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنالیے ہیں۔

بائیں ہاتھ کے ا وپنر سلمان بٹ 81 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ سندھ کے میڈیم پیسر محمد عمر نے 2وکٹیں حاصل کرلی ہیں۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے 246 رنز کے جواب میں سندھ کی ٹیم 339 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئی۔سندھ کی جانب سے خرم منظور اور جاہد علی کے بعد فواد عالم اور کپتان سرفراز احمد نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔فواد عالم 65 اور سرفراز احمد 58 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے فاسٹ باوٴلر اعزاز چیمہ نے مسلسل دوسرے میچ کی ایک اننگز میں 5وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 81 رنز کے عوض 5کھلاڑیوں کوآوٴٹ کیا۔بلال آصف نے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔