ڈاکٹرز نے نواز شریف کی طبی انویسٹی گیشن شروع کردی ہے: شہباز شریف

گزشتہ رات نواز شریف آرام سے سوئے، آج کچھ ٹیسٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مزید ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔ شہباز شریف کی میڈیا سے گفتگو

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 20 نومبر 2019 20:41

ڈاکٹرز نے نواز شریف کی طبی انویسٹی گیشن شروع کردی ہے: شہباز شریف
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر2019ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کی طبی انویسٹی گیشن شروع کردی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ گزشتہ رات نواز شریف آرام سے سوئے، آج کچھ ٹیسٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مزید ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔ شہباز شریف کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز پلیٹ لیٹس میں اچانک کمی کی وجوہات کا پتا چلائیں گے، گائز اینڈ تھامس ہسپتال کے ڈاکٹرز نے طبی انویسٹی گیشن شروع کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے مرض کی تشخیص ہوجائے تو اس کے بعد علاج شروع ہوگا، نواز شریف پاکستان کے تین بار وزیر اعظم رہے ہیں، وہ پاکستان کا اثاثہ ہیں، پوری قوم سے ان کی صحتیابی کیلئے دعاﺅں کی اپیل ہے۔ واضح رہے کہ نواز شریف طبی معائنے کیلئے ہارلے سٹریٹ کلینک کی بجائے گائیز ہسپتال گئے تھے، ۔

(جاری ہے)

شہباز شریف، حسین نواز، حسن نواز اور ڈاکٹرعدنان بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کا گائیز ہسپتال میں تفصیلی طبی معائنہ کیا جائے گا جس کے بعد یہ طے کیا جائے گا کہ ان کا علاج لندن میں ہی ممکن ہے یا انہیں مزید علاج کیلئے امریکہ جانا چاہیے۔یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف قطر کے شاہی خاندان کی ایئر ایمبولینس میں منگل کے روز لندن پہنچے تھے، جہاں انہوں نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں قیام کیا۔

گزشتہ روز سابق وزیرِ خازنہ اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا علاج ہسپتال میں نہیں گھر پر کیا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ رائیونڈ گھر کی طرح ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں بھی آئی سی یو سمیت تمام انتظامات کیے گئے ہیں، فلیٹ میں علاج کیلئے ضروری تمام آلات پہچا دیے گئے ہیں اور نواز شریف کا وہین علاج کیا جائے گا لیکن اگر ضرورت ہوئی تو کسی بھی جگہ جایا جاسکتا ہے۔