Live Updates

بلاول بھٹو ،عمران خان کے حواس پر طاری ہیں،حکومتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے آصف زرداری کی زندگی کو سخت خطرہ ہے، سعید غنی

پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیوں اور آصف علی زرداری کو علاج کی سہولیات نہ ملنے کے خلاف پیپلزپارٹی کراچی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

بدھ 20 نومبر 2019 21:40

بلاول بھٹو ،عمران خان کے حواس پر طاری ہیں،حکومتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ..
�راچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو علاج کی سہولیات نہ ملنے،پیپلزپارٹی کی اسیرقیادت کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے تحت مقدمات اوربڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے تحت پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر،صوبائی وزیراطلاعات سعید غنی دیگر مقررین نے نیب کارروائیوں کو سیاسی انتقام قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سابق صدرآصف علی زرداری کوعلاج کے لیے کراچی منتقل کرکے ذاتی معالج سے علاج کرانے کی اجازت دی،پیپلزپارٹی کی اسیرقیادت کے مقدمات کراچی منتقل کیے جائیں،انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری عمران خان کے حواس پر طاری ہیں،حکومتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے آصف علی زرداری کی زندگی کو سخت خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارپیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر،صوبائی وزیراطلاعات سعید غنی،پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل وقارمہدی،وزیراعلی سندھ کے مشیرراشدربانی،پیپلزپارٹی کراچی کے سیکریٹری جنرل جاوید ناگوری،پیپلزپارٹی لیبربیورو کے حبیب الدین جنیدی،ایم این اے ڈاکٹرشاہدہ رحمانی نے دیگرنے کراچی پریس کلب پرمظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مظاہرے میں صوبائی وزراء غلام مرتضی بلوچ،شہلارضا،مرزامقبول،آصف خان،امان اللہ محسود ، لیاقت آسکانی ، خلیل ہوت،ظفرصدیقی،جاوید شیخ،اقبال ساند، اسلم سموں،شکیل چوہدری دیگرعہدیداروں نے بھی شرکت کی،مظاہرے میں پیپلزپارٹی کی ذیلی تنظیموں کے کارکنان کے علاوہ خواتین کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اورگو عمران گو، گو نیازی گو فلگ شگاف نعرے بلند کرکے اپنے جذبات کا اظہارکیا۔

پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدرسعید غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آصف زر داری اور فریال تالپور کا ابھی تک ٹرائل شروع ہی نہیں ہوا تاہم جو سلوک ہو رہا ہے وہ تو دہشتگردوں کے ساتھ بھی نہیں ہوتا ،آصف زرداری اور فریال تالپور کو مناسب سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں ،آصف زرداری کے موقف کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ماضی میں بھی ایسی کوششیں کی جاتی رہیں جو کامیاب نہیں ہوسکیں،جو قانون علیمہ خان کے لئے ہے وہی فریال تالپور کے لئے بھی ہونا چاہیے،انہوں نے کہا پاکستان کی تاریخ میں کوئی ایک بھی ایسا مقدمہ نہیں ملتا کہ جرم ایک صوبے میں ہوا ہو اور مقدمہ کسی اور صوبے میں چلے، سمجھ نہیں آتی کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوتا ہے ،شہید بھٹو کے ساتھ بھی ایسا ہی ہواتھا ، یہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے اسی تاریخی غلطی کا تسلسل ہے،انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے وزرا پر بھی الزامات ہیں لیکن گرفتاری کسی کی نہیں ہوتی، پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو صرف نوٹس ہوتا ہے اور ساتھ ہی گرفتاری ہو جاتی ہے ، احتساب کے نام پر ڈرامہ ہورہا ہے،ہم عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں لیکن عدالتیں بھی آئین کے اندر رہتے ہوئے فیصلے دینے کی پابند ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج کا احتجاجی مظاہرہ حکمرانوں کو واضع پیغام ہے،ہم جو کہتے ہیں کسی کو یہ بات اچھی نہ لگے مگر چیف جسٹس نے بھی یکساں احتساب کا ذکر کیا ہے،ہم کراچی میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور خورشید شاہ سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں کے لیے ریلیف لینے نہیں انصاف لینے کے لیے جمع ہوئے ہیں انصاف اور احتساب کا پیمانہ تفتیش سے قبل نہیں بعد کا ہوتا ہے،اگرصرف الزام پر جیل میں رکھنا ہے تو ولیمہ باجی، پرویز خٹک سمیت سب کو جیل میں رکھو۔

پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل وقارمہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سابق صدرآصف زرداری اور فریال تالپور کو چھ ماہ سے بلا کسی جرم اور سزا کے قید رکھا گیا ہے،نواز شریف دور میں زرداری نے گیارہ سال جیل بھگتی آج علالت کے باوجود پابند سلاسل ہیں،نواز شریف کو ذاتی معالج اور سہولیات میسر تھیں مگرآصف علی زرداری ہر سہولت سے محروم ہیں،سابق صدرآصف علی زرداری کے میڈیکل بورڈ میں ان کے ذاتی معالج کوشامل کیا جائے اوران کوعلاج کے لیے کراچی منتقل کیا جائے۔

وزیر اعظم، کے پی کے وزراء، سابق وزیر اعلی کے پی اور اسپیکر پر مقدمے ہیں مگر جیلوں میں صرف پیپلز پارٹی کی قیادت ہے،پیپلز پارٹی نے ضیا اور مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا یہ حکمران کس کھیت کی مولی ہیں ان کا ڈٹ کرمقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ آج کی تاریخ تک ملک میں 12 ہزار ارب قرض لیا جاچکا ہے ملک میں لاکھوں لوگ بیروزگار جبکہ نوبت فاقہ کشی تک پہنچ چکی ہے،ہم بلاول کی قیادت میں عوامی حکومت قائم کریں گے تاکہ ملک خوشحال ہو سکے۔

پیپلزپارٹی کراچی کے سیکریٹری جنرل جاوید ناگوری نے کہاکہ بے نظیرکی شہادت پرجب ملک میں مایوسی پھل رہی تو آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ بلند کیاآج اس ملک بچانے والے شخص کو بلاوجہ مقدمات میں ملوث کرکے پنڈی کے دھکے کھلائے جارہے ہیں،جن طاقتوں نے شہید بھٹو اور بی بی کو ہم سے جدا کیا اب وہ زرداری کے پیچھے لگے ہیں،ہم ان سے بھیک اور خیرات نہیں حق مانگتے ہیں آمروں سے لڑنا پیپلزپارٹی کی روایت ہیہم ظلم کے خلاف لڑیں گے اور بلاول کو ملک کا وزیر اعظم بنوائیں گے۔

پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے کہاکہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو قید میں رکھنا عوام کے ساتھ ناانصافی ہے فریال تالپور اور زرداری کا مقدمہ کراچی منتقل کیا جائے انہیں ذاتی معالج سے علاج کی سہولت فراہم کی جائے حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے مزدوراورمحنت کش ہی نہیں متوسط طبقہ کی زندگی بھی اجیرن ہوگئی ہے ۔ایم این اے ڈاکٹرشاہدہ رحمانی نے کہاکہ 6 ماہ کا عرصہ گذر چکا مگرپیپلزپارٹی کی اسیرقیادت پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوسکااگر انصاف نہ ملا تو عوام کا سمندر حکمرانوں کو بھا لے جائے گا،مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے گء ہے ٹماٹرکی قیمت بھی عام کی آدمی کی دسترس سے باہرہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات