پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کا دسویں روز بھی دھرنا ،اساتذہ نے بھی مطالبات کے حق میں پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کیا

لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے مظاہرین نے عہدیداروں کیخلاف کارروائی پر اجتماعی استعفے دینے کا عندیہ دیدیا، ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا

بدھ 20 نومبر 2019 22:00

پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کا دسویں روز بھی دھرنا ،اساتذہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2019ء) پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر دسویں روز بھی دھرنادیا ،اساتذہ نے بھی اپنے مطالبات کے حق میں پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کیا ،پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے مظاہرین نے عہدیداروں کیخلاف حکومت کی جانب سے کارروائی کئے جانے پر اجتماعی استعفے دینے کا عندیہ دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب لینڈ ریکارڈاتھارٹی کے ملازمین کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر دسویں دھرنا دیا گیا ۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے اساتذہ نے بھی اپنے مطالبات کے حق میں پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کیا ۔پولیس نے مظاہرین کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے مرکزی دروازے کی طرف جانے کے خدشے کے پیش نظر بیرئیر اور خار دار لگا کر پنجاب اسمبلی کا مال روڈ والا مرکزی راستہ اور واپڈا ہائوس سے ملحقہ شاہراہ کومکمل بند رکھا ۔

(جاری ہے)

پولیس نے مظاہرین کے گردبھی بیرئیر اور رکاوٹیںلگاکر انہیں اپنے حصار میں لئے رکھا ۔ دھرنے اور اسمبلی اجلاس کی وجہ سے شاہراہیں بندہونے سے ما ل روڈ اور اس سے ملحقہ شاہراہیں پر ٹریفک کا شدید دبائو ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں۔لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے مظاہرین نے حکومت کی جانب سے عہدیداروں کی معطلی کے لیٹر ز تیار ہونے کی اطلاعات سامنے آنے پر اجتماعی استعفے دینے کا عندیہ دیتے ہوئے استعفے بھی تحریر بھی کر لئے ۔ اساتذہ نے 26دسمبر کو سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اور اس کے بعد دوبارہ پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔