نواز شریف کے علاج کیلئے چندے کی اپیل کردی گئی: لندن میں پوسٹرز لگ گئے

قومی ہیرو کے علاج کیلئے امداد کی اپیل ہے، صدقہ زکوت جمع کروائیں: لندن کے پاکستانیوں کی اکثریت والے علاقے میں دکانوں پر پوسٹرلگا دیے گئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 20 نومبر 2019 22:07

نواز شریف کے علاج کیلئے چندے کی اپیل کردی گئی: لندن میں پوسٹرز لگ گئے
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر2019ء) : لندن میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے علاج کیلئے چندے کی اپیل کردی گئی ہے، لندن میں پوسٹرز لگائے گئے ہین جن پر نواز شریف کے علاج کیلئے امداد جمع کروانے کی اپیل کی گئی ہے۔ یہ ہوسٹرز نواز شریف کے مخالفین کی جانب سے لگائے گئے ہیں اور ان پر طنز کیا جارہا ہے کہ وہ قوم کا پیسہ کھا کر بھاگ کر لندنآئے ہیں۔

لندن کے پاکستانیوں کی اکثریت والے علاقے میں دکانوں پر پوسٹرلگا دیے گئے ہیں جن پر لکھا ہے کہ قومی ہیرو کے علاج کیلئے امداد کی اپیل ہے، صدقہ زکوت جمع کروائیں۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کی طبی انویسٹی گیشن شروع کردی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ گزشتہ رات نواز شریف آرام سے سوئے، آج کچھ ٹیسٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مزید ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز پلیٹ لیٹس میں اچانک کمی کی وجوہات کا پتا چلائیں گے، گائز اینڈ تھامس ہسپتال کے ڈاکٹرز نے طبی انویسٹی گیشن شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے مرض کی تشخیص ہوجائے تو اس کے بعد علاج شروع ہوگا، نواز شریف پاکستان کے تین بار وزیر اعظم رہے ہیں، وہ پاکستان کا اثاثہ ہیں، پوری قوم سے ان کی صحتیابی کیلئے دعاﺅں کی اپیل ہے۔

واضح رہے کہ نواز شریف طبی معائنے کیلئے ہارلے سٹریٹ کلینک کی بجائے گائیز ہسپتال گئے تھے۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کا گائیز ہسپتال میں تفصیلی طبی معائنہ کیا جائے گا جس کے بعد یہ طے کیا جائے گا کہ ان کا علاج لندن میں ہی ممکن ہے یا انہیں مزید علاج کیلئے امریکہ جانا چاہیے۔ گزشتہ روز سابق وزیرِ خازنہ اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا علاج ہسپتال میں نہیں گھر پر کیا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ رائیونڈ گھر کی طرح ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں بھی آئی سی یو سمیت تمام انتظامات کیے گئے ہیں، فلیٹ میں علاج کیلئے ضروری تمام آلات پہچا دیے گئے ہیں۔