Live Updates

آزادی مارچ کی وجہ سے نیب کا قبلہ بھی درست ہوتا نظر آرہا ہے: حافظ حسین احمد

صورتحال سے پریشان ہوکر ’’نکے‘‘ نے 2روز کی چھٹی نہیں بلکہ ’’کٹی‘‘ کی، آخر کار ’’نکے‘‘ کو منانے کے لیے ’’اَبے‘‘ کو زحمت کرنی پڑی: رہنما جمعیت علمائے اسلام ف

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 20 نومبر 2019 23:44

آزادی مارچ کی وجہ سے نیب کا قبلہ بھی درست ہوتا نظر آرہا ہے: حافظ حسین ..
<اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر 2019ء) رہنما جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما اور سینئیر سیاستدان حافظ حسین احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ نیب بھی آزادی مارچ سے متاثر ہوا ہے اور آزادی مارچ کی وجہ سے نیب کا قبلہ بھی درست ہوتا نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں دھاندلی کا جن سے شکوہ تھا اُن کا ’جواب شکوہ‘ آگیا، حکمران اب آخری ہچکیوں پر آگئے ہیں۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمران اب آخری ہچکیوں پر آگئے ہیں اور ویسے بھی جن پر اُن کا تکیہ تھا اب وہی پتے ہوا دینے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کا تازہ بیان ہے کہ ''آئندہ احتسابی عمل بلا تفریق اور غیر جانبدار نہ ہوگا''، یہ اس بات کا اعتراف ہے کہ اس سے پہلے احتساب سلیکٹڈ تھا اور اس سے سلیکٹڈ کو باہر رکھا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ بھی آزادی مارچ کی کامیابی کے اثرات ہیں جو آہستہ آہستہ سامنے آرہے ہیں،جنوری 2020ء تک جو کچھ ہونیوالا ہے اس سے عمران خان نیازی پریشان ہیں اور اس کی پریشانی و جھنجلاہٹ اس کے بیانات اور اپوزیشن رہنماؤں کو گالی گلوچ اور نازیبا الفاظ سے آشکار ہوتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں حافظ حسین احمد نے کہا کہ اِس صورتحال سے پریشان ہوکر ’’نکے‘‘ نے 2روز کی چھٹی نہیں بلکہ ’’کٹی‘‘ کی، آخر کار ’’نکے‘‘ کو منانے کے لیے ’’اَبے‘‘ کو زحمت کرنی پڑی، چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہیٰ اِس قسم کے مذاکرات میں ’’تمغہ شجاعت‘‘ ہولڈر ہیں۔ دوسری جانب سینئر صحافی ارشد شریف نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ اگلے 72 گھنٹوں میں تحریک انصاف کے سینئر رہنما گرفتار ہونے والے ہیں۔

ارشد شریف کا کہنا ہے کہ اب تحریک انصاف بھی احتساب کے عمل کی زد میں آئے گی۔ اطلاعات ہیں کہ اگلے 72 گھنٹوں میں تحریک انصاف کے ایک سینئر رہنما کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ ارشد شریف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کیلئے بہتر یہی ہے کہ اب وہ محتاط ہو جائے۔ شہر اقتدار میں اب ہواوں کا رخ بدلا ہوا لگ رہا ہے۔ دوسری جانب چئیرمین نیب نے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ کوئی توقع نہ رکھے کہ صاحب اقتدار ہیں تو نیب اس کی طرف آنکھیں بند کر کے رکھے گا۔ احتساب کا عمل پورے ملک میں جاری رہے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات