سعودی عرب میں بندروں نے گرلز اسکول پرہلّہ بول دیا

طالبات نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی کئی بار بندر اسکول میں گھُس کر اُن کا ناشتہ لے اُڑے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 نومبر 2019 10:31

سعودی عرب میں بندروں نے گرلز اسکول پرہلّہ بول دیا
مکّہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 نومبر 2019ء) مکہ مکرمہ کے نواح میں واقع دیہی علاقے الزیما میں ایک گرلز اسکول پر بندروں نے یلغار کر دی جس کے باعث طالبات میں چیخ و پُکار مچ گئی اور وہ بھاگ کر اپنے اپنے کمروں میں جا چھُپیں۔ حملہ آور بندرکافی دیر تک اسکول میں پُوری آزادی سے مٹر گشت کرتے رہے اور پھر جاتے وقت اُن کا ناشتہ بھی اُڑا لے گئے۔

اس واقعے سے طالبات میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ بچیوں کے والدین بھی اس واقعہ کی خبر ملنے کے بعد اسکول میں آ پہنچے اور اسکول کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سخت حفاظتی انتظامات کریں کیونکہ یہ بندر طالبات پر حملہ آور ہو کر اُنہیں زخمی بھی کر سکتے ہیں۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔ جبکہ اُستانیوں نے بتایا کہ وہ روزانہ بریک ٹائم میں اسکول کی چھت پر ناشتہ کرنے چلی جاتی ہیں ، اکثر و بیشتر بندر درختوں سے چھلانگیں لگا کر چھت پر آ جاتے ہیں اور اُن کا ناشتہ اُٹھا لے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر انہیں روکنے کی کوشش کی جائے تو وہ ہم پر حملہ آور ہو جاتے ہیں۔ گزشتہ روزبھی ہمارے ساتھ ایسا ہوا۔ ابھی ہم نے دسترخوان بچھایا ہی تھا کہ بندروں کا ایک غول چھت پر آن دھمکا اور دیکھتے ہی دیکھتے ہمارا ناشتہ چُرا کر لے گیا۔ ان حملوں کی وجہ سے اُستانیاں اور طالبات میں خوف و ہراس کی فضا ہے۔ جبکہ علاقے میں مقیم افراد کا کہنا تھا کہ بندروں کی جانب سے صرف اسکول پر ہی حملے نہیں ہو رہے بلکہ ہمارے گھر اور بچے بھی ان سے محفوظ نہیں رہے۔

مقامی افراد نے گِلہ کیا کہ متعدد بار مکہ میونسپلٹی سے درخواست کی ہے کہ علاقے میں بندروں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پایا جائے، مگر ہماری اس درخواست پر ابھی تک کان نہیں دھرے جا رہے۔ اس طرح کی خوف و ہراس کی فضا میں بچے اور بچیاں اپنی تعلیم پر پُوری طرح سے دھیان نہیں کر پاتے۔