مسجد الحرام کا توسیعی منصوبہ مکمل ہونے کے بعد یہاں 18 لاکھ سے زائد افراد بیک وقت نماز ادا کر سکیں گے

حرمین شریفین میں 1200 نئے قالین بچھا دیئے گئے، 7 نئے بجلی اسٹیشن بھی قائم کیے جا رہے ہیں باب اسماعیل آئند ہ حج سیزن سے قبل مکمل ہو جائے گا، مطاف کی 14 محرابیں مکمل ہو چکی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 نومبر 2019 10:57

مسجد الحرام کا توسیعی منصوبہ مکمل ہونے کے بعد یہاں 18 لاکھ سے زائد افراد ..
مکّہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 نومبر 2019ء) مسجد الحرام میں توسیع منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ مکّہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان بن عبدالعزیز نے منصوبے پر کام کی رفتار اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ حرم مکی کی انتظامیہ نے شہزادہ بدر کو بتایا کہ باب اسماعیل اگلے حج سیزن سے قبل مکمل ہو جائے گا۔ جبکہ قدیم دالان اور تکبیر و اذان کے نئے کمرے کی تعمیر اور مطاف کی محرابیں بھی آئندہ رمضان المبارک سے قبل پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گی۔

اب تک 38 میں سے 14 محرابیں تیار کی جا چکی ہیں۔ جبکہ باب عمرہ سے متعلق تعمیرات بھی جاری ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ مسجد الحرام کے توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں بیک وقت 18 لاکھ سے زائد افراد نماز ادا کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

نئے توسیعی منصوبے کے تحت مسجد الحرام کے دروازوں کی گنتی 168 تک چلی جائے گی۔ 680 برقی زینے تیار ہوں گے جن سے بوڑھے، بیمار اور مفلوج افراد کو بڑی سہولت حاصل ہو گی۔

بجلی کی سپلائی کا نظام زیادہ موثر بنانے کے لیے 7 بجلی اسٹیشنز بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں ۔ جبکہ تین ٹرانسپورٹ اسٹیشنز پر بھی کام جاری ہیں جن کے باعث تین لاکھ افراد فی گھنٹہ ٹرانسپورٹ کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ جبکہ حرمین شریف کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی ہدایت پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں موجود پُرانے قالین ہٹا کر ان کی جگہ 1200 نئے قالین بچھا دیئے گئے ہیں۔ جن میں مسجد الحرام کی تمام منزلوں، صحنوں اور چھتوں کے قالین بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ حرمین شریفین میں قالینوں کی صفائی اور ان کے معطر کرنے کی خاطر ایک الگ شعبہ قائم کیا گیا ہے۔