Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی چیخوں کی باری آنے والی ہے

عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ بھی وہی ہونے والا ہے جو ماضی کے حکمرانوں کے ساتھ ہوا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 نومبر 2019 11:22

پاکستان تحریک انصاف کی چیخوں کی باری آنے والی ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 نومبر 2019ء) : موجودہ سیاسی حالات پر بات کرتے ہوئے سینئیر کالم نگار انصار عباسی نے اپنے حالیہ کالم میں کہا کہ اگر چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا لہجہ بھی بدل گیا تو سمجھ لیں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے۔چیئرمین نیب نے یہ بھی امید دلا دی کہ یکطرفہ احتساب کا تاثر دور کریں گے۔جو کچھ جاوید اقبال صاحب نے فرمایا اُس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ اب باری تحریک انصاف کے لیڈروں اور عمران خان کی حکومت کی آنے والی ہے۔

انصار عباسی نے کہا کہ مجھے ڈر ہے کہ عمران خان اورپاکستان تحریک انصاف کے ساتھ بھی وہی ہونے والا ہے جو ماضی کے حکمرانوں کے ساتھ ہوا اور جس کے بارے میں بار ہا موجودہ حکومت کو وارننگ دی گئی کہ اگر نیب میں اصلاحات نہ لائی گئیں اور اس ادارے پر کوئی چیک اینڈ بیلنس کا سسٹم نہ بنایا گیا تو پھر نیب اُسی طرح پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کی حکومت کے خلاف استعمال ہوگا جیسے ن لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف استعمال ہوا تھا۔

(جاری ہے)

ابھی تک تو پاکستان تحریک انصاف حکومت نیب کے ہاتھوں اپوزیشن کی چیخیں سن کر مزے لے رہی تھی لیکن اب خطرہ ہے کہ چیخیں حکومت اور حکومتی پارٹی کے رہنماؤں کی نکالنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں جو یقیناً قابلِ مذمت اقدام ہوگا۔ کالم نگار انصار عباسی نے کہا کہ ابھی تک وجہ معلوم نہیں ہو سکی کہ آیا نیب چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا موڈ خود بدلا یا کسی نے اُنہیں نیا ٹاسک دے دیا ہے۔

ایک ہفتے کے اندر اندر ق لیگ بدل گئی، ایم کیو ایم کو حکومت میں خامیاں نظر آنے لگیں یہاں تک کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔ انصار عباسی نے کہا کہ یہ ہوا، یہ تبدیلی اگر خود ساختہ ہے تو پھر اس پر کسی کو کیا اعتراض ہو سکتا ہے لیکن اگر ہوا چلائی جا رہی ہے، تبدیلی کے پیچھے کوئی غیر جمہوری قوت ہے تو پھر میرا ووٹ تو عمران خان کے ساتھ ہی ہوگا چاہے وہ جیسے بھی اور کتنی بڑی دھاندلی کے ساتھ ہی کیوں نہ حکومت میں آئے ہوں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات