Live Updates

برسبین ٹیسٹ، پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بناکر آئوٹ، اسد شفیق 76 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، مچل سٹارک نے چار، پیٹ کمنز نے تین اور جوش ہیزل ووڈ نے دو جبکہ نیتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا

جمعرات 21 نومبر 2019 13:12

برسبین ٹیسٹ، پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلے روز اپنی پہلی اننگز ..
برسبین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2019ء) پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، کپتان اظہر علی اور شان مسعود نے ٹیم کو 75 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس کے بعد اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کینگروز بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، پاکستان ٹیم کے پہلے پانچ کھلاڑی 94 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اسد شفیق 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے، بابر اعظم اور حارث سہیل کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 1,1 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلوی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث 6 پاکستانی کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے۔ آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچل سٹارک نے چار، پیٹ کمنز نے تین اور جوش ہیزل ووڈ نے دو جبکہ نیتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو برسبین کے گابا سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ شروع ہوا تو پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، گرین کیپس کی جانب سے کپتان اظہر علی اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ پر ٹیم کو 75 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس کے بعد اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کینگروز بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، پاکستان ٹیم کے پہلے پانچ کھلاڑی 94 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

شان مسعود 27 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر سمتھ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، انکے فوراً بعد کپتان اظہر علی 39 رنز بناکر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر برنز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، حارث سہیل 1 رن بناکر مچل سٹارک کی گیند پر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، بابر اعظم بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر برنز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، افتخار احمد 7 رنز بناکر نیتھن لیون کی گیند پر آئوٹ ہوئے ، اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز تھا، ایک اینڈ پر اسد شفیق نے محتاط بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا، محمد رضوان پاکستان کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 37 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، یاسر شاہ 26 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند کا نشانہ بنے، شاہین آفریدی پاکستان کے آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے مچل سٹارک کی گیند پر آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر اسد شفیق کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ 76 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے نسیم شاہ 7 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر آئوٹ ہوگئے، وہ پاکستان کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔ عمران خان 5 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر پاکستان ٹیم 240 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچل سٹارک نے چار، پیٹ کمنز نے تین اور جوش ہیزل ووڈ نے دو جبکہ نیتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات