ملک کی مجموعی برآمدات کاحجم 27.22ارب ڈالر تک پہنچ گیا

جمعرات 21 نومبر 2019 14:01

ملک کی مجموعی برآمدات کاحجم 27.22ارب ڈالر تک پہنچ گیا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2019ء) ملک کی مجموعی برآمدات کاحجم 27.22ارب ڈالر ، ٹیکسٹائل سیکٹر کا حصہ 14 ارب ڈالر اور فیصل آباد کے ٹیکسٹائل سیکٹر کا حصہ 7ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جس سے فیصل آباد شہر کی صنعتی،کاروباری ، تجارتی، اقتصادی ، معاشی اہمیت کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتاہے لہٰذا اگر فیصل آباد کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو بجلی و گیس کی ہفتہ کے ساتوں روز مسلسل سپلائی جاری رکھی جائے تو مذکور ہ حصے میں اضافہ سمیت مجموعی ملکی برآمدات کا حجم بھی بڑھایا جاسکتاہے۔

پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایاکہ پی ٹی ای اے صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے انتہائی متحرک اور فعال کردار ادا کر رہی ہے جبکہ حکومت اور صنعتی ، کاروباری و تاجر برادری کے درمیان خلیج کو پر کرنے کے لئے بھی مربوط کو ششیں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ مختلف طویل اور سنگین بحرانوں کے باوجود مقامی صنعت نے نہ صرف اپنے وجود کو برقرار رکھا بلکہ قومی معیشت کو سنبھالا دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کوبڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سہولت کے ثمرات سے فائدہ اٹھانے کیلئے مزید وسیع تر ، بھر پور اور فوری اقدامات کی ضرورت ہے جس میں توانائی کے بحران کا خاتمہ سرفہرست ہے۔ ٹیکسوںکے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قومی محاصل میں اضافہ کیلئے موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا۔