Live Updates

حقائق جاننے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں آزاد انہ کمیشن تشکیل دیا جائے،پاکستان کا مطالبہ

بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کے اہلکاروں اور غیر ملکی صحافیوں کو جانے کی اجازت دے،سیاچن ایک متنازعہ علاقہ ہے ہندوستان کیسے اس کو سیاحت کیلئے کھول سکتا ہی ہمیں بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں، ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ و ار بریفنگ

جمعرات 21 نومبر 2019 14:49

حقائق جاننے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں آزاد انہ کمیشن تشکیل دیا جائے،پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2019ء) پاکستان نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ حقائق جاننے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں آزاد انہ کمیشن تشکیل دیا جائے،بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کے اہلکاروں اور غیر ملکی صحافیوں کو جانے کی اجازت دے،سیاچن ایک متنازعہ علاقہ ہے ہندوستان کیسے اس کو سیاحت کیلئے کھول سکتا ہی ہمیں بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں ،کرنل حبیب ظاہر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ دیکھا ہے جو جعلی دکھائی دیتا ہے،اہل خانہ گمشدگی کے حوالے سے انتہائی پریشان ہیں ،افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات پر سرد مہری کے حوالے سے اطلاع نہیں ہے،الطاف حسین کی حوالگی کا معاملہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے،ملکہ میکسیما پچیس سے ستائیس نومبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون ہولناک خواب کی طرح جاری ہے،مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون کو110 روز گزر چکے ہیں ،مقبوضہ کشمیر میں تمام ذرائع مواصلات اور ٹیلی فون وغیرہ مکمل بند ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی قابض افواج آمرانہ قوانین کی آڑ میں نوجوانوں اور بچوں کو غیرقانونی طور پر حراست میں لے رہی ہے،پاکستان بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی مشکلات اور وہاں کی صورتحال کو اجاگر کرتا رہے گا۔

انہوںنے کہاکہ وزیر خارجہ کا خط اقوام متحدہ کے سیکورٹی کونسل کے اراکین میں تقسیم کیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ کمیشن کا قیام کیا جائے جو حقائق جانچ سکے۔ انہوںنے کہاکہ یہ باعث فخر ہے پاکستان کی ایدھی فاؤنڈیشن کو اس کی انسانی خدمات کے اعتراف میں بحرین کا ایوارڈ دیا گیا،الطاف حسین کی حوالگی کا معاملہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔

انہوںنے کہاکہ کرنل حبیب ظاہر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ دیکھا ہے جو کہ جعلی دکھائی دیتا ہے،ان کے اہل خانہ ان کی گمشدگی کے حوالے سے انتہائی پریشان ہیں ،کرنل ریٹائر حبیب ظاہر کو نیپال سے اغواء کیا گیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی جانب سے غیر ملکی سفارتکاروں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرانے کی کوشیش ناکام ثابت ہوئی۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاکہ ملکہ میکسیما پچیس سے ستائیس نومبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے ،سری لنکا کے نو منتخب صدر کو مبارکباد دیتے ہیں ،امید ہے ان کے دورِ اقتدار میں پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات بہتر ہوں گے۔

انہوںنے کہاکہ افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات پر سرد مہری کے حوالے سے اطلاع نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ سیاچن کے حوالے سے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں ،بھارت نے سیاچن پر زبردستی قبضہ کیا تھا،سیاچن ایک متنازعہ علاقہ ہے ہندوستان کیسے اس کو سیاحت کے لیے کھول سکتا ہے،ہمیں ہندوستان سے کسی خیر کی توقع نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی آباد کاری پر موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاکہ اطلاعات ہیں کہ کرتار پور آنے کیلئے یاتریوں کیلئے بھارت کی جانب سے رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں،پاکستان کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ، روزانہ 5000 یاتریوں کے آنے کی گنجائش ہے،ایسی اطلاعات ہیں کہ آنے والے یاتریوں کی تعداد کم ہے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رہیں گی۔

انہوںنے کہاکہ سعودی عرب میں گزشتہ ماہ مدینہ کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 13 پاکستانی سوار تھے،13 پاکستانیوں میں سے 12 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا،بس حادثے میں جاں بحق 9 پاکستانیوں کا ڈی این اے میچ ہوا،ڈی این اے میچ ہونے والے 9 پاکستانیوں کی تدفین مدینہ میں کر دی گئی،ترجمان کے مطابق جاں بحق افراد میں محمد عمر ولد علی اکبر، غلام عباس ولد نواب علی، سراج الدین ولد محمد عقیل اور آفتاب ولد عزت مند خان کے نام سے شناخت ہوئی،ابوبکرصدیق ولد عبدالرحمان،فضل رحمان ولد گل رحمان،عمران خان ولد خانزادہ خان،فضل اللہ ولد بخت جمال اور ذاہد اللہ ولد قلندر سید بھی جاںبحق ہونے والوں میں شامل ہیں ۔

ترجمان نے بتایاکہ سفارت کاروں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرانے کی بھارتی کوشش ناکام ثابت ہوئی اور بھارت کا سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ سب کے سامنے عیاں ہو گیا ہے،بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے جس کی وجہ سے وہاں انتہا پسندی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات