ملک کے ممتاز پارلیمنٹرین مخدوم امین فہیم کی چوتھی برسی جمعرات کو منائی گئی

جمعرات 21 نومبر 2019 14:53

ملک کے ممتاز پارلیمنٹرین مخدوم امین فہیم کی چوتھی برسی جمعرات کو منائی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2019ء) پی پی پی کے سینئر رہنماء ، ملک کے ممتاز پارلیمنٹرین و سابق وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم جو 21نومبر 2015ء کو 76برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد اپنے مالک حقیقی سے جا ملے تھے کی چوتھی برسی جمعرات کو منائی گئی۔اس موقع پر مختلف سیاسی ، سماجی ، عوامی تنظیموں کی جانب سے فی-صل آباد ڈویژن سمیت ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی تعزیتی تقریبات ، سیمینارز ، کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا جس میں مخدوم امین فہیم کی طویل سیاسی ، سماجی ، عوامی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

مخدوم امین فہیم نے 1958ء میں سندھ یونیورسٹی سے سیاست میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی اور 1970 ء سے عملی سیاست میں قدم رکھا ۔وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر پہلی بار ٹھٹھہ کے حلقے سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد وہ مسلسل کئی عام انتخابات پر کامیابی حاصل کرتے رہے۔4اگست 1939ء کوہالہ میں پیدا ہونے والے مخدوم امین فہیم سندھ کے بااثر جاگیردار گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔ان کے والد مخدوم طالب المولیٰ کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے بانیوں میں ہوتا ہے۔انہوںنے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں مختلف قلم دانوں کیلئے بطور وفاقی وزیر خدمات سر انجام دیں۔ وہ بے نظیر بھٹو کے 1988ء سے 90ء تک دوسرے دور حکومت میں ہائوسنگ اینڈ پبلک ورکس کے وفاقی وزیر بھی رہے۔