Live Updates

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سنٹرل پنجاب عہدے سے مستعفی ہوگئے

شعیب صدیقی کو رواں سال 20 جولائی کو عہدے کیلئے مقرر کیا گیا تھا، پی ٹی آئی نے علی امتیاز وڑائچ کو سیکرٹری جنرل سنٹرل پنجاب مقرر کردیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 21 نومبر 2019 19:58

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سنٹرل پنجاب عہدے سے مستعفی ہوگئے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 نومبر2019ء) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سنٹرل پنجاب عہدے سے مستعفی ہوگئے، شعیب صدیقی کو رواں سال 20 جولائی کو عہدے کیلئے مقرر کیا گیا تھا، پی ٹی آئی اب علی امتیاز وڑائچ کو سیکرٹری جنرل سنٹرل پنجاب مقرر کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماء شعیب صدیقی نے سیکرٹری جنرل سنٹرل پنجاب کا عہدہ دینے کے صرف 4 ماہ بعد ہی عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔

شعیب صدیقی کورواں سال 20 جولائی کو سیکرٹری جنرل سنٹرل پنجاب کے عہدے کیلئے مقرر کیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ شعیب صدیقی نے ذاتی مصروفیات کی بناء پر عہدے سے استعفا دیا ہے۔ شعیب صدیقی کے مستعفی ہونے کے بعد تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے سیکرٹری جنرل سنٹرل پنجاب کے عہدے پر علی امتیاز وڑائچ کو مقرر کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب صدیقی کے پارٹی قیادت سے تنظیم سازی کے معاملات پر اختلافات تھے۔

جس کے باعث انہوں نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ پارٹی قیادت نے ان کے استعفے کو منظور کرلیا ہے۔ واضح رہے پی ٹی ئی کی تنظیم سازی کا عمل جاری ہے۔ تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمد چوہدری سے پارٹی سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی رہنماؤں نے وفود کے ہمراہ ملاقاتیں کیں، پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، ملاقات کرنے والوں میں گوجرانوالہ سے رانا نعیم الرحمان ، ننکانہ سے سرور شاہ ، پاکپتن سے علی شیر ، ملک فضل حسین، عمران نیازی، عرفان عباسی سمیت دیگر رہنماء و کارکنان شامل تھے ۔

اس موقع پر اعجازاحمد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور کرپشن کے خاتمے ، فرسودہ نظام کی تبدیلی کے لئے وزیراعظم عمران خان نے جدوجہد کی ہے، سابقہ کرپٹ مافیا نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے جس کا خمیازہ ملک وقوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے، پی ٹی آئی نے جب اقتدار سنبھالا توملکی معیشت تباہ حالت میں ملی اور ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا ،حکومت کی بہترین حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے تحت دوست ممالک نے پاکستان کی مدد کی جس کی وجہ سے ملکی معیشت میںبہتری آئی، انہوںنے کہاکہ ماضی کی حکومت نے مہنگے قرضے لئے آج پی ٹی آئی کی حکومت نے قرضے واپس کئے ،انہوں نے کہا کہ شکست زدہ اور کرپٹ عناصر کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات