Live Updates

حکمراں جماعت تحریک انصاف 5 دسمبر تک کالعدم قرار دے دی جائے گی؟

چیف الیکشن کمیشنر سردار رضا خان کے عہدے کی مدت اگلے ماہ ختم ہو جائے گی، بظاہر یہی لگ رہا ہے کہ وہ جانے سے پہلے تحریک انصاف فارن فنڈرنگ کیس کا فیصلہ کر کے جائیں گے: سینئر صحافی

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 نومبر 2019 20:25

حکمراں جماعت تحریک انصاف 5 دسمبر تک کالعدم قرار دے دی جائے گی؟
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 نومبر2019ء) حکمراں جماعت تحریک انصاف 5 دسمبر تک کالعدم قرار دے دی جائے گی؟ سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمیشنر سردار رضا خان کے عہدے کی مدت اگلے ماہ ختم ہو جائے گی، بظاہر یہی لگ رہا ہے کہ وہ جانے سے پہلے تحریک انصاف فارن فنڈرنگ کیس کا فیصلہ کر کے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی صابر شاکر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے حکمراں جماعت تحریک انصاف کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

صابر شاکر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن سے موصول ہونے والی خبروں سے لگتا ہے کہ تحریک انصاف بڑی مشکل میں پھنسنے والی ہے۔ صابر شاکر کا کہنا ہے کہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ تحریک انصاف پر پابندی کی تلوار لٹک رہی ہے۔ چیف الیکشن کمیشنر سردار رضا خان کے عہدے کی مدت اگلے ماہ 5 دسمبر کو ختم ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز چیف الیکشن کمیشنر نے جیسے اپوزیشن جماعتوں کی درخواست منظور کی، اس سے یہی لگ رہا ہے کہ سردار رضا خان تحریک انصاف کے مستقبل کا فیصلہ 5 دسمبر سے قبل ہی کر جائیں گے۔

سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین میں سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔ہمارا کسی ایک سیاسی جماعت کی طرف اشارہ نہیں ہے، الیکشن کمیشن قوانین کے مطابق کوئی بھی سیاسی جماعت غیرملکی فنڈنگ نہیں لے سکتی ، آئین میں واضح کردیا گیا ہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت کسی غیرملکی شخص،غیرملکی ٹریڈکمپنی، حکومت یا ادارے سے فنڈنگ نہیں لے سکتی۔

اگر کوئی جماعت ان اداروں سے فنڈنگ لیتی ہے تو وہ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا کہ اگر کسی جماعت کیخلاف غیرملکی فنڈنگ ثابت ہوجائے تو اس جماعت کو کالعدم قراردیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب آرٹیکل 204 کے بعد ہمارا آرٹیکل 210 آتا ہے، جس میں لکھا ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن اسی آرٹیکل کی شق 212 کے تحت کسی بھی جماعت کو کالعدم قراردے سکتا ہے۔

واضح رہے اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے اور چیف الیکشن کمشنر ریٹائرمنٹ سے قبل فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائیں۔ مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ بتایا جائے، امریکا، یورپ اور مشرق وسطیٰ میں کس نے فنڈنگ کی؟ مواخذے سے بچنے کیلئے الیکشن کمیشن کو ادھورا چھوڑاگیا،پی ٹی آئی 6دسمبر کو چیف الیکشن کمیشن کی ریٹائرمنٹ کا انتظار کررہی تھی۔، قوم رسیدیں مانگ رہی ہے،آپ نے یہ 23بے نا می اکاؤنٹس کیوں چھپائے؟
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات