حضور نبی اکرم کے جملہ اوصاف سراپا قرآن ہیں،منہاج القرآن اخلاق محمدی کے فروغ کے مشن پر کاربند ہے ،فرح ناز

جمعرات 21 نومبر 2019 21:15

لاہور۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2019ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم کے جملہ اوصاف و اخلاق سراپا قرآن ہیں، اللہ کی صفات کی کوئی حد ہے اور نہ کلام اللہ کے معانی و معارف کی کوئی حد ہے، قیامت تک کے لیے قرآن اپنے مطالب و مفاہیم میں امت کی رہنمائی کرتا رہے گا،، ہمارا عقیدہ اور ایمان ہے کہ امت محمدیہ کے جملہ مسائل اور مصائب کا حل اخلاق حسنہ کی پیروی میں ہے، وہ گزشتہ روز منہاج القرآن ویمن لیگ پشاور کے زیر اہتمام ’’دہر میں اسم محمد سے اجالا کر دے‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں، کانفرنس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں خواتین اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکنان، عہدیداران نے شرکت کی، کانفرنس کے آغاز میں مختلف سکولوں کی بچیوں نے ہاتھوں میں شمعیں پکڑ کر حضور سرور کونین کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کیا، مرکزی صدر فرح ناز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ سے روایت ہے آپ نے سوال کے جواب میں فرمایا کہ ’’سارا قرآن حضور کا اخلاق ہے‘‘ حضور نبی اکرم کا کائنات میں ظہور پیکر بشری میں ہوا، اللہ تعالیٰ نے آپ کی ان بشری صفات پر اپنی صفات الوہیت کا رنگ چڑھا دیا تھا، اس کے لیے اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کی آیات اتاریں، ہر آیت میں اللہ تعالیٰ نے اپنی ایک صفت اتاری، جیسے جیسے آیات کا نزول ہوتا گیا حضور نبی اکرم سے بشری اخلاق کا پرتو اترتا گیا اوراللہ تعالیٰ کی صفات کا رنگ چڑھتا گیا۔

(جاری ہے)

فرح ناز نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اخلاق محمدی کے ترغیب و فروغ کے مشن پر کاربند ہے۔یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ سوسائٹی کے تہذیبی،اخلاقی معیار خواتین کی تعلیم و تربیت کے مرہون منت ہیں۔اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کا معاشرہ اعلیٰ اخلاقی اقدار پر استوار ہو جائے تو ہمیں سیرت النبی ،امہات المومنین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہوگا اور اس کے لیے پڑھی لکھی خواتین کو گھر گھر اور گلی گلی جا کر اسوہ حسنہ کے پیغام کو عام کرنا ہو گا۔

فرح ناز نے کہا کہ آپ کے حلم، بردباری، عفو و درگزر، رحمت و شفقت اور اخلاق کریمانہ کا عالم یہ تھا کہ آپ نے لوگوں کی طرف سے کسی ایذا اور تکلیف پر کبھی بددعا نہیں کی اور آج ہم لوگوں کو اپنے چھوٹے چھوٹے دنیاوی فوائد کے لیے تکلیفیں اور اذیتیں دیتے ہیں۔حضور نبی اکرم کی حیات مبارکہ لوگوں کے لیے آسانیاں تلاش کرتے اور انہیں سہولتیں فراہم کرتے بسر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے عزیز و اقارب، اہل محلہ کے لیے ہمیشہ حسن ظن رکھیں، اسی سوچ سے ہم اپنے گھر،محلہ،شہر یہاں تک کہ ملک کو امن،محبت کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کانفرنس کوکامیاب بنانے کے لیے دن رات کوشش کرنے پر صوبہ خیبرپختونخوا اور پشاور تنظیم کو خصوصی طور پر مبارکباد دی۔