پاکستان گابا کرکٹ گراونڈ میں آسٹریلیا کیخلاف سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ کا ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب

سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز کے کھیل کے دوران پاکستانی اوپننگ بلے بازوں اظہر علی اور شان مسعود نے پہلی وکٹ کیلئے 75 رنز جوڑے

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 نومبر 2019 23:54

پاکستان گابا کرکٹ گراونڈ میں آسٹریلیا کیخلاف سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ ..
برسبین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 نومبر2019ء) پاکستان گابا کرکٹ گراونڈ میں آسٹریلیا کیخلاف سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ کا ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب، سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز کے کھیل کے دوران پاکستانی اوپننگ بلے بازوں اظہر علی اور شان مسعود نے پہلی وکٹ کیلئے 75 رنز جوڑے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بلے بازوں نے برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں سب سے بڑی اوپننگ شراکت داری کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

پاکستان کے اوپننگ بلے بازوں اظہر علی اور شان مسعود نے 75 رنز جوڑ کر برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں 88 سالوں کے دوران سب سے بڑی اوپننگ شراکت داری کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ تاہم پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، کپتان اظہر علی اور شان مسعود نے ٹیم کو 75 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس کے بعد اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کینگروز بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، پاکستان ٹیم کے پہلے پانچ کھلاڑی 94 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

اسد شفیق 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے، بابر اعظم اور حارث سہیل کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 1,1 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلوی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث 6 پاکستانی کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے۔ آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچل سٹارک نے چار، پیٹ کمنز نے تین اور جوش ہیزل ووڈ نے دو جبکہ نیتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جمعرات کو برسبین کے گابا سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ شروع ہوا تو پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو پہلے روز کے کھیل کے اختتام تک بظاہر غلط ثابت ہوا۔