سعودی عرب میں مقیم پاکستانی فضائی سفر کے دوران محتاط ہو جائیں

طیارے کے عملے یا دیگر مسافروں کے ساتھ بدتمیزی، سامان یا رقم چُرانے یا خوف و ہراس پھیلانے پر قید اور جرمانے کی سزا ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 نومبر 2019 10:38

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی فضائی سفر کے دوران محتاط ہو جائیں
ریاض (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22نومبر 2019ء) اگر آپ سعودی عرب میں مقیم ہیں اور ہوائی جہاز کے ذریعے اندرون یا بیرونِ مملکت سفر کرتے ہیں تو اب آپ کو بہت زیادہ محتاط رہنا ہو گا۔ کیونکہ سعودی سول ایوی ایشن کی جانب سے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان کر دیا گیا ہے جن کی خلاف ورزی پر ماضی کے مقابلے میں زیادہ سخت سزائوں اور جرمانوں کا سامنا کرنا ہو گا۔

سول ایوی ایشن کے مطابق جو مسافر دورانِ سفر عملے یا دیگر مسافروں کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہیں، اُن کا تمسخر اُڑاتے ہیں یا دورانِ پرواز عملے کے کام میں کسی قسم کی رُکاوٹ پیدا کرتے ہیں، اُنہیں سخت سزا اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سعودی اخبار کے مطابق اگر کوئی مسافر کسی فرد سے چھیڑ خانی کرتا ہے، کوئی سامان یا رقم چُراتا ہے، یا کیبن میں گھُس کر سٹاف کو دھمکی یا تشدد کا نشانہ بناتا ہے تو اُسے گرفتار کر کے سرکاری استغاثہ کے حوالے کرے گی جو اس سے تفتیش مکمل کرنے کے بعد اسے عدالت میں مقدمہ بھُگتنے کے لیے پیش کر دے گی جہاں اُسے جُرم ثابت ہونے کی صورت میں پانچ برس قید اور پانچ لاکھ ریال تک کے جرمانے کی سزا سُنائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت انصاف نے بتایا ہے کہ اگر کوئی شخص طیارے میں سفر کے دوران افواہ پھیلائے گا یا خوف و ہراس کی کیفیت پیدا کرے گا، جس سے طیارے کی سلامتی خطرے میں پڑ جائے تو ایسی صورت میں اسے قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔اسی طرح اگر کوئی مسافر کیپٹن یا اس کے اسسٹنٹ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل نہیں کرے گا یااس میں رکاوٹ کھڑی کرے گا تو بھی اُسے سزا کا سامنا کرنا ہو گا۔اس کے علاوہ کسی کو جسمانی یا زبانی تشدد کا نشانہ بنانے پر بھی سزا اور جرمانہ بھُگتنا ہو گا۔