دُبئی میں بھارتی شہری نے ایک انتہائی انوکھی وجہ پر ساتھی ملازم کو قتل کر دیا

مقتول صحرا میں ایسے مقام پر سو گیا تھا جو بھارتی قاتل نے اپنے لیے مخصوص کر رکھی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 نومبر 2019 11:15

دُبئی میں بھارتی شہری نے ایک انتہائی انوکھی وجہ پر ساتھی ملازم کو قتل ..
دُبئی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22نومبر 2019ء) دُبئی میں مقیم ایک بھارتی نوجوان نے اپنے ساتھی ملازم کو صرف اس بناء پر قتل کر دیا کہ وہ اس جگہ پر کیوں سو گیا، جو اس نے اپنے سونے کے لیے مخصوص کر رکھی تھی۔ یہ واقعہ القوز انڈسٹریل ایریا کے صحرائی علاقے میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق قاتل اور اس کے ساتھی کی ڈیوٹی ایک کھُلے مقام پر تھی۔ جہاں اُس نے ایک ریت کے ٹیلے پر اپنے سونے کے لیے ایک جگہ مقرر کر رکھی تھی۔

جہاں اُس کا ساتھی ملازم بھی اکثر آرام کی خاطر سونے آ جاتا تھا۔ ملزم نے اُسے ایک دو بار منع کیا کہ وہ کہیں اور جا کر سویا کرے۔ وقوعہ کے روز ملزم جب سو کر اُٹھا تو اُس نے دیکھا کہ اُس کا ساتھی ملازم بھی اس کے پاس ہی لیٹا ہوا ہے۔ بس اتنی سی بات پر وہ طیش میں آگیا اور اس پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کر کے اُسے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق جس جگہ پر یہ واقعہ پیش آیا وہاں کوئی دوسرا شخص موجود نہ تھا اور نہ ہی آس پاس کوئی کلوز سرکٹ کیمرہ موجود تھا۔

یہ ایک کھُلا صحرائی علاقہ ہے جہاں پر صرف چند کاریں موجود تھیں۔ ملزم نے جب یہ واردات انجام دی اُس وقت وہ شراب کے زیر اثر تھا۔ دُوسری جانب ملزم کا کہنا تھا کہ اُسے نہیں پتا تھا کہ اُس کا ساتھی مر چکا ہے۔ کیونکہ جب وہ سو کر اُٹھا تو اُس نے اپنے ساتھی ملازم کو پاس سوتے ہوئے دیکھا تو غصے میں اُسے ایک دو لاتیں اور صرف ایک مُکا رسید کیا۔

اس کے بعد وہ باتھ رُوم چلا گیا جہاں سے فارغ ہونے کے بعد وہ کمپنی کی پِک اپ وین میں جا کر سو گیا۔ بعد میں سیکیورٹی گارڈ نے اُسے اُٹھا کر بتایا کہ اُس کا ساتھی ملازم مر چکا ہے۔ وہ تو اُسے صرف سبق سکھانا چاہتا تھا، اُسے نہیں پتا تھا کہ اُس کی ایک دو لاتوں اور گھونسوں سے ہی اُس کی موت ہو جائے گی۔ مقتول کی میڈیکل رپورٹس سے پتا چلا کہ اُس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں جبکہ اس کی پسلیاں بھی ٹوٹی ہوئی تھیں۔ جس سے پتا چلتا تھا کہ اُسے اچھے خاصے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔