اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے قیدی کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی درخواست

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام جیلوں میں موجود بیمار قیدیوں کی تفصیلات طلب کرلیں

جمعہ 22 نومبر 2019 12:57

اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے قیدی کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی درخواست
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے قیدی کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی درخواست پر وزارت انسانی حقوق کو تمام جیلوں میں قید بیمار قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ جمعہ کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سزائے موت کے قیدی خادم حسین کی جانب سے لکھے گئے خط پر سماعت کی ۔

دوران سماعت فاضل جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے سامنے انسانی حقوق کا اہم معاملہ ہے ۔دوران سماعت وزارت انسانی حقوق کا وکیل عدالت کے سامنے پیش ہوا۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وزارت انسانی حقوق کو بیمار قیدیوں کے حوالے سے چاروں صوبوں سے تفصیلات اکٹھی کرنے کی ہدایت کی ۔ چیف جسٹس نے جیلوں میں قیدی افراد کی حالت سے متعلق تفصیلات اکٹھی کرنے کا حکم دیا ہے ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ انسانی حقوق کے اہم معاملے پر تفصیلی فیصلہ جاری کروں گا۔سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ جواب داخل کرانے کے لئے تین دن کی مہلت دی جائے ۔عدالت نے وفاق کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا ۔عدالت نے قیدی خادم حسین کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے قیدی خادم حسین نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو گزشتہ روز خط لکھا تھا جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ بینائی کا مسئلہ ہے آنکھوں کے علاج کی سہولت دی جائے ۔قیدی کی درخواست پر عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا تھا۔