نسیم شاہ نے ٹیسٹ ڈیبیو پر تیز باﺅلنگ سے مبصرین کو گرویدہ بنا لیا

پیسر نے میچ کی تیز ترین 148.1کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکنے کا اعزازبھی اپنے نام کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 نومبر 2019 12:59

نسیم شاہ نے ٹیسٹ ڈیبیو پر تیز باﺅلنگ سے مبصرین کو گرویدہ بنا لیا
برسبین(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22نومبر2019ء) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا ڈیبیو کرنے والے نوجوان فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ نے اپنی تیز باﺅلنگ سے سب کو گرویدہ بنا لیا۔برسبین میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے 16سالہ نوجوان فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ نے ڈیبیو کیا۔قومی ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ باﺅلنگ کوچ وقار یونس نے انہیں ٹیسٹ کیپ دی اور اس موقع پر نسیم اپنی والدہ کو یاد کر کے آبدیدہ ہو گئے جن کا گزشتہ ہفتے ہی انتقال ہوا تھا۔

نسیم شاہ جب انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی پہلی گیند کھیلنے کے لیے میدان میں اترے تو مچل سٹارک پاکستان کے یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کو لگاتار گیندوں پر آﺅٹ کر کے ہیٹ ٹرک پر تھے لیکن 16سالہ باﺅلر نے جیسے تیسے یہ گیند روک کر سٹارک کو ہیٹ ٹرک سے محروم کردیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں باﺅلنگ کا موقع آیا تو اس میں بھی نسیم شاہ نے دنیا کو اپنی قابلیت کے جوہر دکھانے کا موقع نہیں گنوایا۔

کپتان اظہر علی اننگز کے ساتویں اوور کےلئے نسیم شاہ کو باﺅلنگ کےلئے لےکر آئے اور انکی انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی ہی گیند 90میل فی گھنٹہ کی رفتار سے کرائی گئی ، انہوں نے اس اوور کی تمام ہی گیندیں 90میل فی گھنٹہ یا اس سے زائد رفتار سے کرائیں اور آسٹریلین بلے بازوں خصوصاً جو برنز کو پریشان کیا۔نوجوان باﺅلر مستقل تیز رفتار سے گیند کرتے رہے جس پر کمنٹری باکس میں موجود تمام ہی مبصرین انہیں دادوتحسین سے نوازتے رہے اور ان کے روشن مستقبل کی نوید سنائی۔

نسیم نے کئی مواقعوں پر 147 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کی اور بالآخر 13ویں اوور کی تیسری گیند پر انہوں نے میچ کی تیز ترین گیند پھینکنے کا اعزاز حاصل کر لیا جو 148.1کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کرائی گئی تھی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک اور پیٹ کمنز نے بھی باو¿لنگ کی تھی اور ان دونوں کا شمار دنیا کے تیز ترین باﺅلرز میں کیا جاتا ہے۔
نسیم شاہ نے ٹیسٹ ڈیبیو پر تیز باﺅلنگ سے مبصرین کو گرویدہ بنا لیا